• news

حکمران خلاف اسلام قانون سازی کر رہے ہیں: فضل الرحمان 

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران خلاف اسلام قانون سازی کر رہے ہیں۔ پشاور میں بات کرتے ہوئے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران ایجنڈے کے تحت ملک کو سیکولرازم کی طرف لے جارہے ہیں اور سرکاری سطح پر فحاشی و عریانی کی سرپرستی کی جا رہی ہے۔ پاکستان میں روزانہ کی بنیاد اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ نااہل حکمرانوں کی ناقص کارکردگی اور پالیسوں کا نتیجہ ہے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ایف ٹی اے ایف اور خواتین تشدد بل اسلام اور آئین کے خلاف ہیں۔ جنہیں زبردستی منظور کرایا گیا اور ہمارے ادارے اس قانون سازی میں مکمل شریک رہے۔ کشمیر الیکشن پر انہوں نے کہا کہ کشمیر اور گلگت کے انتخابات 2018ء کے انتخابات کی طرح متنازع انتخابات ہیں۔ پاکستان اور گلگت کی طرح کشمیر میں بھی سلیکٹڈ حکمران مسلط کیے جارہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان ںے کہا کہ افغانستان میں پہلے بھی مذاکرات کے حامی تھے اور آج بھی مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے بیانیے سے اختلاف کرنے والے فارغ ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم حکومت کے خاتمہ تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن