چناب ، پانی اترنے لگا ، سندھ میں طغیانی ، تونسہ بیراج سے بیٹ و کچے میں پانی داخل
ملتان،کوٹ ادو(سماجی رپورٹر، خبر نگار خصوصی،خبر نگار) برکھا رت کی بارشیں، دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بلند، نچلے درجے کا سیلاب،3لاکھ 5ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ بیٹ وکچے کے علاقے زیرآب، مکینوں کی مال مویشیوں کے ساتھ نقل مکانی، کالاباغ، چشمہ بیراج پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تفصیل کے مطابق مون سون بارشوں کی بدولت دریائے سندھ میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر 2لاکھ 71ہزار کیوسک پانی کے بہاؤ کے ساتھ نچلے درجے جبکہ چشمہ بیراج کے مقام پر 3لاکھ 34ہزار کیوسک پانی کے بہاؤ ساتھ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ادھر کوٹ ادو کے قریب تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بتدریح بلندہو رہی ہے۔ تونسہ بیراج پر 3لاکھ 5ہزار کیوسک پانی کے بہاؤ کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب چل رہا ہے جس کے باعث بیٹ اور کچے کے علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔ آج پانی کا بہاؤ ساڑھے 3لاکھ کیوسک ہونے کی پیش گوئی ہے۔ دریائے چناب میں پانی کی آمد میں مزید کمی آگئی ہے جس سے دو تین روز میں صورتحال نارمل ہونے کا امکان ہے تاہم پہلے آنے والے زیادہ پانی کے باعث بیٹ کے علاقے کے نشیبی مقامات زیر آب آ گئے ہیں۔ فصلیں ڈوب گئی ہیں۔