• news

سفیر کی ملاقات،سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن  سہولتیںدینگے:عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ  عثمان بزدار اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے  کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں۔ سعودی عرب کو پاکستان کے عوام اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ، برادرانہ، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑ ی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کی انتہائی سازگار فضا فراہم کی گئی ہے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کار پنجاب  میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی۔ کرونا کے باوجود حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے۔ سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کیلئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے روزنامہ امت کے مدیراعلی رفیق افغان کے انتقال اور فیصل آباد میں چک 7 میں زیر تعمیر گھر کی چھت گرنے سے چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔  علاوہ ازیں  وزیراعلیٰ  اٹک کی تحصیل جھنڈکے علاقے بسال شریف گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بسال شریف میں خواجہ امیر احمد چشتی ؒ کے مزار پر حاضری دی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے خواجہ امیر احمد چشتی ؒ کے مزار پر چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی۔عثمان بزدار سے  بسال شریف میں منتخب نمائندوں اور عمائدین علاقہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ  نے منتخب نمائندوں کے مسائل سنے اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام نے انتشار کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیا ہے۔ پی پی 38میں مخالف جماعت کی نشست جیت کر ثابت کیا ہے کہ عوام کی خدمت کی سیاست کا کوئی نعم البدل نہیں۔ اپوزیشن کو منفی سیاست چھوڑ کر ملک و قوم کا سوچنا چاہیے۔ ضلع اٹک کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے منصوبے لا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن