کشمیریوں کیساتھ ہیں،برسوں یوم استحصال منائیں گے،شیخ رشید: شہباز کو مذاکرات کی دعوت
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ پانچ اگست کو ملک بھر میں یوم استحصال منائیں گے۔ افغان سفیر کی بیٹی کے کیس میں افغان تحقیقاتی ٹیم آئی ہے۔ ن لیگ اور ش لیگ کی مفاہمت اور مزاحمت کی لڑائی ہے۔ دونوں پالیسیاں ناکام ہوں گی۔ ان کی کوئی سیاست نہیں ہے۔ افغانستان بارڈر سے مہاجرین کا کوئی بہائو نہیں۔ ان کی جگہ میرٹ پر لوگوں کو بھیجا جارہا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ کو تمام نالوں پر تجاوزات گرانے کی ہدایت کی ہے۔ سفارتخانوں میں کئی سالوں سے بیٹھے ہوئے 64 افسران کو واپس بلا لیا ہے۔ جو افسر 30 اگست تک واپس نہیں آئیں گے ان کو نوکریوں سے فارغ کر دیا جائے گا۔ چینی باشندوں کی سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ غیر قانونی شناختی کارڈ بنانے والے نادرا میں کسی صورت نہیں رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ محرم الحرام میں امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا نے کووڈ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سمندر پار مقیم پاکستانی یا مقامی افراد اپنا کووڈ کا نمبر ڈائل کر کے نادرا سرٹیفکیٹس کا اجرا کروا سکتے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں 190 مزید کیمرے لگائیں۔ 1122 شروع کر رہے ہیں۔ ای الیون میں جب سیلاب آیا تو یہاں پر 1122 کی سروس نہیں تھی۔ 1122 کو نئی گاڑیاں دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم 14 اگست سے آن لائن ویزا شروع کررہے ہیں ۔ یہاں پر جو ہزاروں لوگ موجود ہیں انہیں ایک ماہ کی چھوٹ دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی پر دو مرتبہ فائرنگ ہوئی ہے۔ راولپنڈی پولیس اس کی تفتیش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان بارڈر پر باڑ لگا دی ہے۔ طورخم بارڈر پر پورا سسٹم لگا رہے ہیں۔ بظاہر ن لیگ کو اپنی پالیسی کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے اورانہوں نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کر کے پارٹی کونقصان پہنچایا۔ اپوزیشن نے اقتدار کا بازار لگایا ہوا ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ماضی کو بھلا کر مذاکرات کے لئے آ سکتے ہیں۔ اپوزیشن کے لئے دروازے بند نہیں ہو سکتے۔ افغان سفیر کی بیٹی ہماری بیٹیوں کی طرح ہے۔ اسلام آباد پولیس افغان تفتیشی حکام کے جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق جمعرات کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ماہ مقدس میں ہرصورت امن وامان برقراررہے گا۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے اس کے زیرقبضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کو 5 اگست کو 2 سال پورے ہوجائیں گے۔