ڈاکے‘ چوریاں‘ راہزنی‘ شہری لاکھوں کی نقدی‘ اشیاء سے محروم
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے باٹا پور کے علاقے میں یونس کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر5لاکھ 80ہزار روپے مالیت، مانگا منڈی کے علاقے میں رحمن کے گھر سے 4لاکھ 70 ہزار روپے مالیت، نصیر آباد میں گل نواز کے گھر سے3لاکھ 95 ہزار روپے مالیت، جوہر ٹاؤن کے علاقے میں اشرف کے گھر سے 2 لاکھ 90 ہزار روپے مالیت، غازی آباد میں کامران کے گھر سے2 لاکھ 20ہزار روپے مالیت، راوی روڈ کے علاقہ میں ڈاکو بلال کے گھر سے ایک لاکھ 58ہزار روپے مالیت، سمن آباد میں عاصم کی فیملی کو یرغمال بنا کر ایک لا کھ 10ہز ار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی پانچ وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے۔ رائیونڈ میں چوروں نے چھت میں سوراخ کر کے ارسلان کے میڈیکل سٹور میں گھس کر ڈیڑھ لاکھ روپے، کاسمیٹک سامان اور میڈیسن چوری کر لیں۔ چوروں نے ٹاؤن شپ اور رائیونڈ سٹی سے دو کاریں جبکہ گلبرگ، مستی گیٹ، نصیرآباد، سمن آباد اور راوی روڈ سے پانچ موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔