• news

محرم میں امن یقینی بنانے کیلئے علماء و مشائخ کردار ادا کریں: عبدالخبیر آزاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) محرم الحرام میں امن وا مان کے قیام کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کنوینر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا قافلہ امن جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام جس میں مولانا مفتی مبشر احمد‘ سردار محمد خان لغاری‘ مولانا عبد الوہاب روپڑی‘ علامہ رشید ترابی، علامہ عباس غازی، مولانا عبدالستار نیازی، مولانا طارق‘ مولانا نافع، مولانا ندیم قمر‘ مولانا مسعود قاسم قاسمی‘ مولانا اعظم نعیمی‘ مولانا آصف اکبر‘ مفتی عمران انور نظامی‘ سید نوبہار شاہ‘ حسین مہدی‘ مفتی سید عاشق حسین شاہ‘ مولانا قاضی عبد الغفار‘ سید مظہر فرید‘ سید زوار حسین بخاری‘ سید مرید عباس‘ خلیل الرحمن‘ قاری عتیق‘ صاحبزادہ فیاض الحسن گیلانی ‘صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد، ودیگر ان کے ہمراہ تھے‘ ساہیوال ڈویژن پہنچا۔ جہاں پر عبدالخبیر آزاد نے ساہیوال اتحاد بین المسلمین کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی ‘آر پی او ساہیوال احمد ارسلان ملک ، ایڈمنسٹریٹر اوقاف ،ڈپٹی کمشنرز و ڈی پی او صاحبان اور تما م مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام و امن کمیٹیوں کے ممبران کی بھر پور نمائندگی تھی، تلاوت کلام پاک و بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت کے بعد عبد الخبیر آزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ ملک میں امن وسلامتی کا قیام پوری قوم کی ذمہ داری ہے ‘علماء اور عوام متحد ہو کر وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گے‘ اتحاد بین المسلمین اور پیغام پاکستان کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محرم الحرام میں امن کو یقینی بنانے کیلئے علماء اور مشائخ اپنا بھر پور کردار ادا کریں‘ ملک میں امن کیلئے پاک فوج کا کردار نمایاں ہے جسے ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس زریں اصول پر کار بند رہیں کہ ’’اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہیں‘‘ پر عمل پیرا ہوں۔ مندوبین نے خطابات میں کہا کہ ساہیوال ڈویژن ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے۔آپ وزیر اعلیٰ خان بزدار کو ہماری طرف سے یہ اطمینان دلا دیں کہ ساہیوال ڈویژن میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور عوام ساتھ ہیں۔ آخر میں ملک میں امن و سلامتی‘ استحکام ‘ترقی و خو شحالی اور کشمیریوں و فلسطین کی آزادی کیلئے دعا کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن