مودی نے کشمیر پریمیئر لیگ کے آغاز سے قبل کامیاب کرا دی: فرخ حبیب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی+ آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اپنی جابرانہ سوچ کرکٹ پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کشمیر پریمیئر لیگ آغاز سے قبل ہی کامیاب کرا دی ہے۔ حکومت ملک میں کھیلوں کا فروغ چاہتی ہے۔ ملک میں معاشی اصلاحات جاری ہیں۔ سعودی عرب سے مزید قیدی آج لاہور پہنچیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انٹر میڈیا آزادی کپ کی تقریب سے خطاب اور اپنے ٹویٹ پر کیا۔ فرخ حبیب نے اسلام آباد میں انٹر میڈیا آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے ملکی ٹیلنٹ کو سامنے لانا ترجیح ہے۔ کرکٹ کے کھیل کیلئے انٹر میڈیا آزادی کپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ مودی کشمیر پریمیئر لیگ سے ڈرا ہوا ہے۔ گوادر اور کشمیر میں کھیل کے میدان آباد ہونے جا رہے ہیں۔ ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایف بی آر میں اصلاحات اور معاشی پالیسیوں کے تسلسل سے کاروباری طبقہ، صنعتکار، تاجر اور کاروباری سرگرمیوں سے جڑے سب لوگ بلاتفریق استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ پہلی مرتبہ جولائی میں 431 ارب کی ٹیکس وصولی آج تک جولائی کی تمام وصولیوں سے زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی2021 ء میں ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ٹیکس ادائیگی میں 54فیصد، کسٹمز ڈیوٹیز میں37فیصد، نیٹ ریونیو میں36فیصد، گراس ریونیو میں 32فیصد، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں میں 30فیصد اور ریفنڈ کے اجراء میں 26.6 فیصد اضافہ ہوا۔ جبکہ پاکستان کسٹمز نے 3.6 ارب کی سمگل شدہ اشیاء ضبط کیں۔ ایک دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے مزید پاکستانی قیدی آج منگل کی علی الصبح 6 بجے لاہور ائرپورٹ پر پہنچیں گے۔ انشاء اللہ یہ لوگ اپنے اہلخانہ کے ساتھ خوشیوں بھری زندگی گزار سکیں گے۔