سی این جی: پنجاب 5‘ کراچی میں 8 روپے کلو مہنگی
لاہور‘ اسلام آباد (وقائع نگار + نامہ نگار) سی این جی 5 روپے فی لٹر مہنگی ہو گئی، پنجاب میں سی این جی کی نئی قیمت 112 روپے فی لٹر ہوگئی جبکہ سندھ میں سی این جی کی قیمت 8 روپے فی کلو بڑھ کر اگست کیلئے نئی قیمت 150 روپے کلو ہوگئی ہے۔ سی این جی ایسوسی ایشن نے پنجاب اور سندھ میں قیمتیں بڑھا دیں، اوگرا نے اگست کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ سوئی ناردرن سسٹم کیلئے ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 0.692ڈالر اضافہ کیا گیا ہے اضافے کے بعد سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت13.6080ڈالرفی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔ سوئی سدرن سسٹم پرایل این جی کی قیمت13.3454ڈالرایم ایم بی ٹی یومقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب پی ایس او نے ایل این جی کا ایک کارگو 20اعشاریہ 55 ڈالر فی یونٹ میں خریدا جو دنیا کی دوسری مہنگی ترین خریداری تھی۔ پی ایس او اور پی ایل ایل نے کافی عرصے سے اپنی خریداری کے نرخ شائع کرنا بند کر دیئے ہیں لیکن یہ 20.05 فی یونٹ کا کارگو کبھی حکومت نے تسلیم نہیں کیا۔ صدر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی بے قدری قیمت بڑھانے کی وجہ قرار دی ہے۔