معید یوسف نے عمران خان کو فون نہ کرنے کا معاملہ اٹھا دیا‘ جوبائیڈن مناسب وقت پر کرینگے: امریکی حکام
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے امریکی حکام سے وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر جو بائیڈن کے فون نہ کرنے کا معاملہ اٹھا دیا۔ امریکی رسالے کو انٹرویو میں معید یوسف نے کہا کہ افغانستان سے متعلق پاکستان جیسے اہم ملک کے وزیراعظم کو امریکی صدر کا فون نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ہر بار کہا جاتا ہے کہ فون کیا جائے گا۔ کوئی تکنیکی وجہ ہو یا کوئی اور بات‘ سچ یہ ہے کہ اب ان کا اعتبار نہیں۔ فون کال یا سکیورٹی تعلقات کوئی رعایت ہیں تو پاکستان کے پاس بھی آپشنز موجود ہیں۔ ادھر سینئر امریکی حکام نے کہا ہے کہ صدر جوبائیڈن نے کئی عالمی رہنماؤں کو فون نہیں کیا۔ جو بائیڈن مناسب وقت پر وزیراعظم عمران خان کو فون کریں گے۔