سی پیک کے حوالے سے گوادر کو خصوصی اہمیت حاصل ہے: صدر علوی
اسلام آباد‘ کوئٹہ (نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے گوادر کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ جغرافیائی حوالے سے بلوچستان سینٹرل ایشیا تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے جس سے وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی اور تجارتی مواقع بڑھانے کے روشن امکانات ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک کے پیش نظر ہمیں نئی نسل کو جدید ہنر سکھانے پر توجہ مرکوز کرنی ھو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پارلیمنٹیرینز کیساتھ گفتگو کرتے ھوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور وزیر اعلی جام کمال خان بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی امن اومان کی صورتحال ،جاری ترقیاتی منصوبوں، سرحدی تجارت، بارڈر ماکیٹس کے قیام ، لینڈ ڈیجٹلائزیشن مینجمنٹ ، نئے لیبر قوانین ، صوبے میں سیاحت کے فروغ اور خطے میں رونما ہونیوالی معاشی اور سیاسی تبدیلیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں زراعت، ماہی گیری اور لائیوسٹاک کی ترقی کے بھرپور مواقع موجود ہیں۔ دستیاب وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان سونا اگلنے والی سرزمین ہے اور لوگ محنتی ہیں یہاں زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ قلت آب کا سدباب بھی ضروری ہے جس کے لئے احتیاط اور بہتر حکمت عملی تشکیل ضروری ہے۔ قبل ازیں منگل کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خصوصی طیارے میں کوئٹہ ائرپورٹ پہنچے جہاں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا‘ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے انکا استقبال کیا۔ کوئٹہ آمد کے موقع پر خاتون اول بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھیں۔ کوئٹہ آمد کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوری نصیر خان کمپلیکس کوئٹہ میں گرین ٹریکٹر سکیم کا افتتاح کیا۔