• news

کشمیر پریمیر لیگ بھارتی کرکٹ بورڈ غیر ملکی کمنٹیٹر ز کو بھی شرکت سے روک دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے بعد کمنٹیٹرز کو بھی اپروچ کیا ہے، بھارتی بورڈ اس حد تک جائیگا اس کا انداز نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ہرشل گبز کے پی ایل کا حصہ ہیں ، آج کسی بھی وقت پاکستان پہنچیں گے۔ ہرشل گبز بھارت کے دباو کو ٹھکراتے ہوئے پاکستان پہنچ رہے ہیں، بھارت کو سمجھنا چاہیے کے پی ایل میں کرکٹ کھیلی جارہی ہے، سیاست نہیں ہورہی۔کے پی ایل پر مقبوضہ کشمیر میں بھی بہت جوش و خروش ہے، کوشش ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھی کے پی ایل دیکھ سکیں۔کے پی ایل کے میچز براہ راست نشر کئے جائیں گے۔ ہرشل گبزکو بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ اگر انھوں نے کے پی ایل میں شرکت کی تو بھارت میں وہ کسی ایونٹ میں شریک نہیں ہو پائیں گے۔کشمیر پریمیئر لیگ میں مظفرآباد سٹیڈیم میں شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم میں 25 سے 30 فیصد شائقین کو داخلے کی اجازت ہوگی، این سی او سی کی اجازت کے بعد ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگی۔مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں 10 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے،25 سے 30 فیصد کے حساب سے 3 ہزار افراد سٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے۔سٹیڈیم میں سماجی فاصلے کیساتھ شائقین کو بٹھایا جائیگا۔سابق کپتان شاہدآفریدی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اپنی مظفرآباد کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ایک تصویر اور ساتھ ہی ایک دلکش نظاروں کی تصویر شیئر کی۔انہوں نے لکھا کہ ’خوبصورت مظفرآباد، کے پی ایل کھیلنے کیلئے یہاں آنا ایک بہترین احساس ہے۔کشمیر کے نوجوانوں کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ ایک بڑے مرحلے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔واضح رہے کہ مظفرآباد میں ایونٹ کا آغاز 6 اگست سے ہوگا جبکہ فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ 19میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہونگے۔ شاہد آفریدی کی راولا کوٹ اور شعیب ملک کی میرپور ہاکس افتتاحی میچ میں مد مقابل ہونگی۔

ای پیپر-دی نیشن