• news

افغان امن کیلئے پاکستان جو کر سکتا ہے کر رہا ہے: گورنر

 لاہور ( نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی کوششوں سے افغانستان میں امن عمل آگے بڑھا۔ افغان امن کیلئے پاکستان جو کر سکتا ہے کر رہا ہے اور کرے گا۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کرنیوالے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور سے صوبائی وزیر سید سعید الحسن شاہ اور وفود نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا  22 کروڑ پاکستانی کشمیریوں کیساتھ ہیں۔ 5 اگست کو یوم استحصال منایا جائے گا۔ آج مسئلہ کشمیر دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے۔ عالمی برادری اس پر بات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر میں 729 روز سے جاری لاک ڈاون انسانی حقوق کا قتل عالم ہے۔ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل اور بھارتی دہشت گردی کا خاتمہ لازم ہوچکا ہے۔ امن دشمنوں کو پہلے بھی ناکام بنایا ہے۔ آئندہ بھی ان کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ چودھری سرور نے مزید کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے تمام مکتبہ فکر کے علماء کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ دریں اثناء گورنر پنجاب نے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سے  ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ان کی ساس کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور دعا کی۔ پارٹی وفود سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ محرم الحرام میں سوشل میڈیا پر نفرتیں پھیلانے والے مواد کو روکنے کیلئے بھی قانون حرکت میں آئیگا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماء اکرام سمیت تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن