پاکستان کسی جنگ یا انتشار کا حصہ نہیں بننا چاہتا: فرخ حبیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر مملکت اطلاعا ت و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے اس کا نہ صرف خطے بلکہ عالم اسلام میں ایک اہم مقام ہے ،سی پیک بھارت کو کھٹکتاہے ، پاکستان کی بہتری اور ترقی کے ہر منصوبے میں ملک دشمن قوتیں روڑیاٹکارہی ہیں ، انہیں مل کر ناکام بنانا ہوگا ،وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں پر امن سیاسی مفاہمت کیلئے کردار جاری رکھا ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ امن کو موقع ملے ، پاکستان کسی جنگ یا انتشار کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔ وہ منگل کو اسلامی نظریاتی کونسل میں مختلف مسالک کے درمیان روابط کے حوالے سے فکری نشست سے خطاب کرہے تھے ۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اسلام نظریاتی کونسل بین المسالک اتحاد اور روابط مضبوط کرنے ، دینی معاملات اوران سے منسلک معاشرتی پہلوئوں پر پوری قوم کی راہنمائی کرنے کے لئے اہم کر دار ادا کر رہی ہے ۔قومی سطح پر حکومت اور عوام کو اسلامی نظریاتی کونسل سے بہترین راہنمائی مل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام لوگوں کو آزادی رائے کا حق دیتا ہے ، اس کے ساتھ ہمارے کچھ پیرامیٹرز بھی موجود ہیں ،ان پر عمل درآمد ذمہ داری کا پہلو ہے ، ہمیشہ بہت سے ایسے لوگ ہوتے ہیں جو ان پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہیں جو فالٹ لائنز ہیں اس سے ہمارے دشمن کو فائدہ پہنچتا ہے ۔