شوگر ملز مالکان کیخلاف کارروائی نہ کرنے کی ہدایت‘ ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سنا دیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہا ئی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے شوگر ملز مالکان کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مل مالکان کے خلاف تادیبی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے فریقین سے جواب بھی طلب کر لیا۔ مل مالکان نے چینی کی قیمت مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ وکیل درخواستگزار نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ہمارا سٹاک اٹھا کر لے جائیں گے جس سے چینی کی فراہمی متاثر ہوگی۔ ہم کہتے ہیں سارے معاملے پر آڈٹ کرے۔ حکومت کی جانب سے چینی کی نئی قیمت 89روپے 50پیسے مقرر کی گئی لیکن اس قیمت پر چینی فروخت کرنا ممکن ہی نہیں۔ نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔