تنویر الحق تھانوی نے تحریک انصاف کو الوداع کہہ دیا‘ پیپلز پارٹی میں شامل
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق سینیٹر اور پی ٹی آئی رہنما مولانا تنویر الحق تھانوی نے پی ٹی آئی کو الوداع کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ مولانا تنویر الحق تھانوی ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے لیکن چند ماہ قبل ہی انہوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سے ملاقات کے بعد ان کی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دینی خدمات کے ساتھ ساتھ سیاست میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کروں گا۔ سندھ ہماری دھرتی ہے، یہیں ہمارا جینا مرنا ہے۔ پی ٹی آئی میں ایکٹو نہیں تھا اور (ن) لیگ اپنے مسائل میں الجھی ہوئی ہے۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ مولانا تنویر الحق تھانوی پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، انہیں ویلکم کرتے ہیں۔