پی ٹی آئی سٹیٹس کو کی سب سے بڑی نمائندہ بن کر ابھری: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سٹیٹس کو کی سب سے بڑی نمائندہ بن کر ابھری ہے۔ وزیراعظم روزانہ کرپٹ نظام اور مافیاز کی بات کرتے ہیں، مگر تین برسوں میں انہوں نے ان برائیوں کے خلاف کچھ نہیں کیا۔ مافیاز نے موجودہ حکومت کے دور میں اربوں کمائے اور قوم کا خون نچوڑا۔ کرپشن کے خلاف پی ٹی آئی کا راگ صرف دکھاوے کی حد تک ہے۔ عوام مفلسی اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے روزگار نہیں، سرکاری ملازم کی تنخواہ میں بمشکل اس کے گھر کی دال روٹی چلتی ہے۔ تعلیم، صحت، تھانہ اور کچہری میں بنیادی ریفارمز کی ضرورت ہے۔ سکول انفراسٹرکچر تباہ حال، ٹیچر ٹریننگ پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ ایک نصاب کی باتیں قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہیں۔ جماعت اسلامی پاکستان کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے کے لیے قوم سے مدد کی اپیل کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عالمی مجلس ختم نبوت اور جے آئی کسان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا وزیراعظم بتائیںکہ اربوں کی لوٹی ہوئی رقم کو واپس لانے کے ان کے دعوے کدھر گئے؟ قوم کو بتایا جائے کہ پولیسنگ (Policing) میں کون سی ریفارمز آئی ہیں؟ کورٹ کچہریوں میں لوگ دھکے کھا رہے ہیں، ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، خارجہ پالیسی پہلے کی طرح کمزور اور سود پر قرضے لینے کی رفتار میں مزید تیزی آئی ہے۔ اس وقت جماعت اسلامی ہی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سٹیٹس کو سے جان چھڑانے کے لیے بھرپور عوامی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان اس کے لیے اپنی کمر کس لیں، تحریک سے وابستہ نوجوان خصوصی طورپر اپنے آپ کو تیار کریں۔ آئندہ الیکشن میں ملک بھر میں قومی و صوبائی سطح پر اپنی نمائندگی دیں گے اور یقین ہے کہ کامیابی حق اور سچ کی ہو گی۔