• news

تحریک انصاف کے عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13 ویں وزیراعظم بن گئے

مظفر آباد/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزادکشمیر منتخب ہو گئے۔ آئین کے آرٹیکل 13 کے تحت آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں 13 ویں وزیراعظم کے انتخاب کیلئے رائے شماری کرائی گئی۔ ایوان نے کثرت رائے سے سردار عبدالقیوم نیازی کو منتخب کر لیا۔ اسمبلی کے 53 میں سے 48 ارکان نے ووٹ ڈالا۔ عبدالقیوم نیازی کو 33 جبکہ اپوزیشن کے امیدوار لطیف اکبر کو 15 ووٹ ملے۔ اسمبلی میں تحریک انصاف کے 32 اراکین ہیں جس کا مطلب ہے کہ عبدالقیوم نیازی کو ایک ووٹ زیادہ ملا۔ نومنتخب وزیراعظم نے اپنے منصب کا حلف بھی اٹھا لیا۔ علاوہ ازیں عبد القیوم نیازی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے عوام اور عمران خان سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کروں گا اور آپ کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ نومنتخب وزیراعظم عبدالقیوم نیازی وزیراعظم ہائوس پہنچے۔ پولیس کے دستے نے عبدالقیوم نیازی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر نے صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کی۔ سردار مسعود خان نے نومنتخب وزیراعظم کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا ہے کہ میں آج 5 اگست کے موقع پر جموں، مظفرآباد اور گلگت کے کشمیری بھائیوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یوں تو کشمی رپر جبر کی تاریخ بڑی طویل ہے لیکن27 اکتوبر 1947  کو جب ہندوستان کی افواج ایک نام نہاد الحاق کی دستاویز کے تحت سرینگر میں اتریں اور اس کے بعد اس آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لیے اپنی پوری فوجی قوت کے ساتھ ریاست جموں وکشمیر کے مظلوم لوگوں پر حملہ آور ہوئیں تو اس کے بعد جموں وکشمیر کے اندر یہ سلسلہ چلتا رہا۔5 اگست2019  کو ہندوستان نے جو اقدامات اٹھائے اور جس کا اطلاق انہوں نے اکتوبر میں کیا وہ بنیادی طور پر کشمیریوں سے ان کی شناخت، ان کی زبان، ان کی تہذیب، ان کا رہن سہن چھیننے کا ایک مذموم طریقہ کار اختیار کیا گیا۔  میں اقوام عالم خصوصاً P5 ممالک سے درخواست کرنا چاہتا ہوں وہ مداخلت کرے اور ہندوستان کو روکے۔ دفعہ 370کشمیریوں کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتی لیکن 35A جو 1927 کے قانونIL84 کے تحت کشمیریوں کو ان کی شناخت دی گئی تھی اس کی بحالی کے لیے کشمیریوں کواس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے جب تک کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کا حق نہیں مل جاتا جس کے تحت کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کی عبدالقیوم نیازی کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن