• news

سندھ پیکچ پر کام تیز کیا جائے، وزیراعظم: بھتہ خوروں، ڈاکوئوں سے نجات دلانے پر اتفاق

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم سے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں معاون خصوصی ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں شجرکاری مہم اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ درآمدی پلاسٹک پر انحصار کم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بنایا جائے۔ چین کی پلاسٹک کی درآمد پر پابندی کی پالیسی کو بھی زیر غور لایا جائے۔ بدھ کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں فضلے کے انتظام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی ملک امین اسلم اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں سالانہ 30 ملین میٹرک ٹن فضلہ میونسپل سطح پر پیدا ہوتا ہے۔ پلاسٹک فضلہ کل فضلے کا 10 سے 14 فیصد ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2020 ء میں پیدا ہونے والے3.9  ملین ٹن پلاسٹک فضلے میں سے صرف30  فیصد ری سائیکل ہوتا ہے۔ پاکستان نے پچھلے مالی سال 2.4 ارب روپے لاگت کا 35,651 ٹن پلاسٹک درآمد کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ درآمدی پلاسٹک پر انحصار کم کرنے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔ اس ضمن میں چین کی پلاسٹک کی درآمد پر پابندی کی پالیسی کو بھی زیر غور لایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان سے سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیرِ اسد عمر، غوث بخش مہر، علی گوہر مہر اور صفدر عباسی شریک تھے۔ سندھ کی مجموعی صورتحال خصوصا ً امن و امان اور کرونا کی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم نے گرین لائن کی متعین شدہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے اور سندھ پیکیج کے تحت منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ملاقات میں سندھ کی مجموعی بالخصوص امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سندھ میں کرونا کی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔ سندھ میں وفاق کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور گرین لائن پر پیشرفت پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سندھ سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ حکومت نے سندھ کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز‘ اے این ایف‘ ایف آئی اے‘ کسٹم کو سندھ میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سندھ کے عوام کو بھتہ خوروں سے نجات دلائی جائے گی۔ ڈاکوؤں کیخلاف سندھ کے مخصوص مقامات پر آپریشن ہوں گے۔ سندھ بھر میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن