نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس، شہباز شریف سمیت 11 انکوائریوں، 15 انویسٹی گیشنز کی منظوری
اسلام آباد (نامہ نگار) نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے کرپشن کے معاملات میں ایک ریفرنس، 5انویسٹی گیشنز اور 11انکوائریوں کی منظوری دے دی ہے۔ بدھ کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں منیر احمد پراجیکٹ ڈائریکٹر پسنی فش ہاربر اتھارٹی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری فنڈز میں خورد برد کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو 412.18ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 5نوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔ جن میں میر عبد الغفورلہڑی سابق وزیر انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان اور دیگر، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی ضلع خضدار کے افسران / اہلکاران اور دیگر، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران / اہلکاران اور دیگر، فیڈرل لینڈ کمیشن، ریونیو ڈیپارٹمنٹ تحصیل ہارون آباد ضلع بہاولنگر کے افسران / اہلکاران اور دیگر، واپڈا واٹر ونگ اسلام آباد کے افسران / اہلکاران شامل ہے۔ اجلاس میں 11انکوائریز کی منظوری دی گئی۔ جن میں سابق وزیر اعلی پنجاب، سابق ایم این اے، سابق کمشنر بہاولپور اور دیگر، کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران / اہلکاران اور دیگر، سکندر عمرانی سابق ضلعی ناظم نصیر آباد اور دیگر، علی احمد مینگل سابق سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ اور دیگر کے خلاف انکوائریز کی منظوری شامل ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈکے اجلاس میں داود خلجی سابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور دیگر، نواب محمد خان شاہوانی وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کے خلاف انکوائریزقانون کے مطابق اینٹی کرپشن بلوچستان کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔ قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن مقدمات خصوصا شوگر، آٹا، منی لانڈرنگ، جعلی اکائونٹس، اختیارات کا ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثے، غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز اور مضاربہ سکینڈل کے ملزمان کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب بزنس کمیونٹی کی ملک کی ترقی کیلئے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آبادمیں ایک ڈائریکٹر کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے سپیشل ڈیسک قائم کیا جس پر بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں نے چئیرمین نیب جاوید اقبال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ بیوروکریسی کسی بھی ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ قومی احتساب بیورو بیوروکریسی کا نہ صرف احترام کرتا ہے بلکہ ان کی خدمات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے۔