• news

قیوم نیازی 2009ء میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے

مظفرآباد (نوائے وقت رپورٹ)آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا تعلق حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون کے گاؤں درہ شیر خان سے ہے جو لائن آف کنٹرول کے بالکل سامنے ہے۔ سردار عبدالقیوم نیازی 1969ء میں گاؤں درہ شیر خان میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق مغل خاندان سے ہے اور وہ تخلص کے طور اپنے نام کے ساتھ ’نیازی‘ لکھتے ہیں۔ مقامی سطح پر ان کو دلی مغل کہا جاتا ہے۔ ان کے آباؤ اجداد 1947ء میں مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کرکے ضلع پونچھ کے کنٹرول لائن پر واقع علاقہ درہ شیر خان میں آباد ہوئے۔ ان کے بڑے بھائی سردار غلام مصطفیٰ مغل 1985ء میں وزیر مال رہے۔ سردار عبدالقیوم خان نیازی نے 22 سال کی عمر میں ڈسٹرکٹ کونسلر کا الیکشن لڑا جو جیت گئے۔ 2006ء میں ممبر اسمبلی کے لیے مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا اور امیدوار اسمبلی نامزد ہوئے۔ 2006ء سے 2011ء تک وزیر خوراک سمیت دیگر وزارتوں پر بطور وزیر اپنی خدمات سر انجام دیتے رہے۔ 2011ء میں دوبارہ مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے امیدوار اسمبلی کے لیے الیکشن لڑا جس میں ناکام ہوئے۔ 2016ء میں ایک بار پھر مسلم کانفرنس کے ٹکٹ سے امیدوار اسمبلی کے لیے میدان میں اترے اور چند سو ووٹوں سے الیکشن ہار گئے۔ 2019ء میں مسلم کانفرنس کی دیرینہ رکنیت کو خیرباد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور عام انتحابات 2021ء میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ سے الیکشن لڑا اور 9 ہزار کی لیڈ کے ساتھ 24758 ووٹ حاصل کیے۔

ای پیپر-دی نیشن