• news

فراڈ کیس: تفتیشی افسروں کی عدم پیشی پر ہائیکورٹ برہم، آئی جی کو بلالیا

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے ) لاہور ہائی کورٹ نے فراڈکے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری درخواست ضمانت پر متعلقہ تفتیشی افسروں کی عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔آئی جی انعام غنی ،سی سی پی او غلام محمود ڈوگر ،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق کمال سمیت دیگرافسروں عدالت پیش ہوئے، عدالت نے تفتیشی افسران کو عدالت پیش ہونے بارے مراسلہ جاری کرنیکاحکم دیدیا جبکہ غیر متعلقہ ریکارڈپیش کرنیوالے تھانیدار کیخلاف کارروائی کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔عدالت نے آئی جی پنجاب سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کو خوشی سے نہیں بلایا ، اکثر غیر متعلقہ افسر ریکارڈلیکر پیش ہوتے ہیں جبکہ متعلقہ تفتیشی افسرعدالت میں پیش ہی نہیں ہوتے ،جو افسر پیش ہوتے ہیں انہیں مقدمے بارے علم نہیں ہوتا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سٹینڈنگ آرڈر جاری کیاکہ متعلقہ افسر ہی عدالتوں میں پیش ہوں جبکہ تفتیشی کے رخصت پر ہونے پر ہی انچارج انویسٹی گیشن پیش ہوگا۔بدقسمتی سے سٹینڈنگ آرڈرپرعملدرآمد نہیں ہورہا جس پر عدالت نے حکم دیا کہ آپ دوبارہ لیٹر جاری کریں،عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کریں۔ آئی جی پنجاب نے جواب دیا کہ جی آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن