مریم‘ ظل سبحانی کی منزل اقتدار‘ جو کبھی نصیب نہیں ہو گا: فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کمربستہ ہے اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شوباز کی نااہل حکومت نے صحافی برادری کیلئے کچھ نہ کیا سوائے طفل تسلیوں کے۔ شعبہ صحافت کی مضبوطی ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ ریاست اور قوم ملک کے اس اہم ستون سے مستفید ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافی کالونی کے ایف بلاک میں ترقیاتی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور پریس کلب ارشد انصاری، ایم ڈی پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن شاہد فرید و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وطن عزیز کی تعمیروترقی میں صحافی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ پنجاب حکومت ہر ڈویژن میں صحافی کالونی کے ذریعے صحافی برادری کو چھت فراہم کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے۔ صحافی کالونی کے سیوریج کے لیے واسا نے ساڑھے پانچ کروڑکا ٹینڈر کیا ہے۔ اس سال کے اختتام تک ایف بلاک کی کنسٹرکشن کا کام بھی شروع ہو جائے گا۔ موجودہ حکومت نے بی بلاک کا مسئلہ حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور متبادل زمین کے لیے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ بی بلاک کے متاثرین کو جلد خوشخبری دینے جارہے ہیں۔ حکومت پنجاب صحافی کالونی فیز ٹو کا تحفہ بھی دینے جا رہی ہے۔ اس ضمن میں جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے ڈی جی ایل ڈی اے کو زمین کیلئے خط لکھ دیا ہے اور انشاء اللہ جلد ہی فیز ٹو کی شروعات ہو گی۔ ن لیگ کے حواریوں کے بیانیوں پر پانی پھر گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے لیے عام آدمی کو بطور وزیراعظم منتخب کیا ہے۔ وزیراعظم نے تحریک انصاف کے منشور کے ساتھ جڑی آواز آزاد کشمیر کو دی ہے۔ مریم نے آزاد کشمیر اور سیالکوٹ کی ہار کے زخموں کو تنہائی میں چاٹنے فیصلہ کیا ہے۔ دو لوگ بیان دے رہے ہیں۔ ایک مریم نواز اور دوسرے ظل سبحانی دوئم ہیں۔ ان دونوں کی ڈائریکشن الگ الگ ہے اور ان کی منزل اقتدار ہے جو ان کو کبھی بھی نصیب نہیں ہو گا۔ وہ کون شخص تھا جو پچیس ارب روپے ظل سبحانی دوئم کے بیٹے کے اکاؤنٹ میں ڈال گیا اور ان کو علم ہی نہیں ہوا۔ یہ امام مسجد بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قوم اب سارا کھیل سمجھ چکی ہے۔ بعدازاں معاون خصوصی نے صحافی کالونی کے ایف بلاک میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور سیوریج کے کام کا افتتاح کیا۔