ہائیکورٹ نے بغیر نشاندہی والٹن ائرپورٹ کے اردگرد اراضی کی نیلامی روک دی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے نشاندہی کے بغیر والٹن ایئر پورٹ کے ارد گرد اراضی کی نیلامی روک دی۔ متاثرہ شہریوں کی اراضی کی نشاندہی کے بغیر نیلامی نہ کی جائے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے لاہور فلائنگ کلب کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار کی جانب سے ضیاء حیدر رضوی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ درخواست میں پنجاب حکومت، سول ایوی ایشن سمیت دیگر کو فریق بناتے ہو ئے موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے ائیر پورٹ کی 130 ایکڑ اراضی فروخت کرنے کیلئے اخبار اشتہار دیا ہے۔ اشتہار کے مطابق آج نیلامی ہو رہی ہے۔ والٹن ائیر پورٹ پر کثیر المنزلہ عمارت بنانے کے منصوبے کیخلاف ہائیکورٹ میں رٹ زیر سماعت ہے۔ ائیر پورٹ پر سو ایکڑ اراضی پنجاب حکومت جبکہ 30 ایکڑ لاہور فلائنگ کلب نے سول ایوی ایشن کو دی۔ والٹن ایئر پورٹ کی حیثیت تبدیل کرنے سے قبل درخواستگزاروں کو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔