• news

رحیم یار خان مندر میں توڑ پھوڑ ، چیف جسٹس کا ازخود نوٹس ، آج سماعت ، بحال کرینگے: وزیراعظم

اسلام آباد‘رحیم یار خان (خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+بیورورپورٹ+کرائم رپورٹر)  رحیم یار خان میں مندر میں توڑ پھوڑ کے معاملے کا چیف جسٹس  گلزار احمد نے نوٹس لے لیا ہے۔ سپریم کورٹ  کے  پریس ریلیز کے مطابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر رمیش کمار نے اسلام آباد میں چیف جسٹس گلزار احمد سے ملاقات کی اور رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں مندر میں توڑ پھوڑ  سے متعلق گفتگو کی۔ چیف جسٹس نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس معاملے کی سماعت  آج سپریم کورٹ اسلام آباد میں مقرر کردی۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب کو  رپورٹ کے  ساتھ  طلب کرلیا ہے۔ جبکہ ڈاکٹر رمیش کمار کو بھی سماعت کے موقع پر طلب کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے وزیراعظم آفس نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ عمران خان نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ واقعے کی تحقیقات کی جائے اور اس میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ شہباز گل نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل اجازت اور تحفظ فراہم کرتا ہے کہ وہ آزادانہ طریقے سے اپنی عبادات کر سکیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ یہ واقعہ آئین پاکستان اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب  پیپلز پارٹی اور اقلیتی ارکان نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ہے۔ رمیش لال کی جانب سے نوٹس پر مسلم لیگ ن کے کھیل داس کوہستانی اور ڈاکٹر درشن کے بھی دستخط ہیں۔ رمیش لال نے کہا کہ چند شرپسند لوگ ہمارے ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آج قومی اسمبلی میں واقعے کے خلاف احتجاج کریں گے۔ واقعے  سے متعلق چیئرمین انسانی حقوق کمیٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی خط لکھا ہے۔ رحیم یارخان  سے کرائم رپورٹر اور بیورو رپورٹ کے مطابق بھونگ  واقعہ کیخلاف پولیس نے سینکڑوں مظاہرین کے خلاف 3مقدمات اندراج کرلئے۔ ایف آئی آرز سیل کردی گئیں۔  مدرسہ کی بے حرمتی کے مقدمہ کے ملزم کو ضمانت پر رہا کئے جانے کے خلاف سینکڑوں افراد احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ ایس ایچ او بھونگ کو معطل کر دیا گیا۔ ایک ترجمان کے مطابق مندر کی مرمت  کر دی گئی ہے۔عمران خان کی رحیم یار خان میں مندر حملے کی مذمت، وزیراعظم نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کو ملزموں کی گرفتاری کے احکامات دے رکھے ہیں۔ حکومت متاثرہ مندر کو بحال کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن