سندھ:4وزرا نے حلف اٹھا لیا،3مشیروں کا تقرر،مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر کراچی
کراچی (وقائع نگار/عطاء اللہ ابڑو) سندھ میں چار نئے وزراء نے حلف اٹھا لیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی موجودگی میں چار نئے وزراء سے حلف لیا۔وزیراعلیٰ کے 3 نئے مشیران کی تقرری کا بھی اعلان کردیا گیا۔ گورنر سندھ نے جن وزرا سے حلف لیا ان میں ساجد جوکھیو، گیان چند ایسرانی، ضیاء عباس اور جام خان شورو شامل ہیں۔تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے نئے تین مشیران کی تقرری کا بھی اعلان کیا گیا ۔ ان میں منظور وسان، فیاض بٹ اور رسول بخش چانڈیو شامل ہیں۔علاوہ ازیں سندھ حکومت نے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کردیا۔محکمہ بلدیات سندھ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پہلے سے موجود ایڈمنسٹریٹر کراچی 20 گریڈ کے افسر لئیق احمد کا دوسری جگہ ٹرانسفر کردیا گیا ۔سندھ کابینہ میں متوقع تبدیلیاں اور نئے وزراء کی شمولیت کے بعد صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی سندھ کے نئے وزیر اطلاعات ہوں گے جبکہ سید سردار شاہ کوصوبائی وزیر تعلیم بنادیاگیاہے۔نئے وزراء میں حلف برداری کے بعد ضیاء عباس شاہ ورکس اینڈ سروسز اور جام خان شورو وزیر آبپاشی جبکہ اسماعیل راہو یونی ورسٹی بورڈز اور ماحولیات ،مکیش کمار چاولہ کومحکمہ خوراک کا اضافی قلمدان سونپا گیا۔ اور گیان چند اقلیتی امور کے وزیر ہوں گے جبکہ تیمور تالپر کو وزیر جنگلات کا قلمندان،منظور وسان کو مشیر برائے زراعت ،ساجد جوکھیو صوبائی وزیر سماجی بہبود ، فیاض بُٹ زکواۃ و عشر کے وزیر ہوں گے ۔تنزیلہ قمبرانی وزیر اعلی کی معاون حصوصی برائے آئی ٹی ،ارباب لطف اللہ معاون خصوصی اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر،لیاقت آسکانی معاون حصوصی برائے کچی آبادی ہوں گے ۔صغیر قریشی کو معاون خصوصی برائے حیدآبادبنادیا گیاجبکہ دوست علی راہمون ، پارس ڈیرو ، رسول بخش چانڈیو وزیر اعلی کے معاون خصوصی ہوں گے ۔صوبائی وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا قلمدان دیا جا رہا ہے جبکہ صوبائی وزیر فراز ڈیرو، سہیل سیال ، ہری رام اور مشیر نثار کھوڑو فارغ کردیئے گئے ہیں ۔