رحیم یار خان مندر پر حملہ سوچی سمجھی سازش، ایسے واقعات کے پیچھے بھارتی لابی
تجزیہ: محمد اکرم چودھری
رحم یار خان میں مندر پر حملہ سوچی سمجھی سازش ہے، ہمیں ہر وقت باخبر اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ایسے واقعات کے پیچھے بھارتی لابی ہے، ہمارے درمیان مفاد پرست، کم علم اور دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے ہر طرح کے لوگ ہر سطح پر موجود ہیں۔ گذشتہ دو تین برسوں میں کراچی سے بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے لیے کام کرنے والے کئی افراد کی گرفتاری ثابت کرتی ہے کہ دشمن بیرونی و اندرونی طور پر ہر طریقے اور ہر راستے حملہ آور ہو رہا ہے۔ مندروں یا کسی بھی دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کا فائدہ پاکستان میں کسی کو نہیں ہو سکتا البتہ ایسے واقعات کا براہ راست فائدہ بھارت کو ضرور ہو سکتا ہے۔بھارت ایسے واقعات کو بنیاد بنا کر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف مہم چلاتے ہوئے دنیا کو بتانے کی کوشش کرے گا کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ملک نہیں ہے۔ امریکہ بھارت کے ذریعے پاکستان کو دباؤ میں لانا چاہتا ہے، افغانستان میں شکست اور پاکستان کی طرف سے مزید کسی بھی جنگ کا حصہ نہ بننے کے بعد امریکہ اور اسرائیل مل کر خطے میں بھارت کو تھانیدار بنانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ بھارت ایسے گمراہ کن واقعات کو بنیاد بنا کر پاکستان مخالف مہم چلائے گا اور امریکہ ہر سطح پر اس بیانیے کی حمایت کے لیے دیگر ممالک پر دباؤ بڑھائے گا۔ اس پس منظر کو دیکھتے ہوئے ایسے واقعات کے ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔ پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مندر، گرجا گھر اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے مقدس مقامات موجود ہیں، بالخصوص سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والوں کے مذہبی مقامات جہاں دنیا بھر سے سکھ ہر سال حاضری کے لیے آتے ہیں پاکستان ان مقامات اور غیر ملکیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتا ہے اس لیے یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ نہیں کیا جاتا۔ رحیم یار خان میں مندر حملے کے واقع پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے بروقت اور بہترین کارروائی کرتے ہوئے ناصرف آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے رپورٹ طلب کی بلکہ اس واقعے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں آج سماعت بھی ہو رہی ہے۔ رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر رمیش کمار نے چیف جسٹس ا?ف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے ملاقات میں رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں مندر پر ہونے والے حملے سے متعلق گفتگو کی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج سماعت کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی رحیم یار خان میں مندر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو واقعے کی تحقیقات اور ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشن کا حکم دیا ہے