• news

کشمیر بنے گا پاکستان، یوم استحصال پر زبردست مظاہرے

 لاہور، اسلام آباد، سرینگر، مظفر آباد، گلگت، پشاور  (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار+نیوز رپورٹر+ بیورو رپورٹ)  بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو 2 برس مکمل ہونے پر پاکستان بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم استحصال منایا گیا۔ پاکستان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منائے جانے والے یوم استحصال کے موقع پر سرکاری سطح پر متعدد پروگرامز تشکیل دیئے گئے۔ اس سلسلے میں صبح 9 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ملک بھر کی اہم شاہراہوں‘ سڑکوں پر رواں ٹریفک روک دیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ برس کی طرح رواں برس بھی واکس اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا جس میں اہم حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ اسلام آباد میں صدر مملکت عارف علوی نے واک کی قیادت کی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر توانائی عمر ایوب، وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر ریلوے اعظم سواتی، وزیر قانون  فروغ نسیم سمیت دیگر وزراء اور اہم حکومتی شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ دن ہے جب مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام نے ہڑتال کا اعلان کیا کیوںکہ بھارت نے اپنے ہی آئین میں دفعہ 370 اور 35 اے کے تحت تبدیلیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم  سمجھتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کو تقسیم ہند کے اصولوں پر پاکستان کا حصہ بننا تھا جن کو پامال کیا گیا جس کے نتیجے میں آج تک بھارت نے وہاں ظلم و زیادتی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کا وعدہ کیا تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ دنیا خاموش ہونے لگی مگر کشمیری خاموش نہیں ہو سکا جو اپنے بچپن سے ہی ظلم و زیادتی کے خلاف کھڑے ہو جاتے ہیں۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جس کثیر تعداد میں بھارتی فوجی موجود ہیں وہ دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔  بہانے بہانے سے وہاں کرفیو لگا دیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود لوگ آزادی کا جھنڈا اور آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا پاکستان کا کوئی فرد چین سے نہیں بیٹھے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، 30 سے 40 لاکھ غیر کشمیریوں کو وادی کا ڈومیسائل جاری کیا گیا۔ بھارت اس اقدام کے ذریعے وہاں حالات تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں سے انسانیت سوز سلوک کر رہا ہے اور یہی سلوک کشمیریوں سے بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سازشوں کے باوجود پاکستان ایک مضبوط ملک بن کر ابھر رہا ہے۔ پاکستان کشمیریوں کو آزادی دلا کر رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آگ سے کھیل رہا ہے۔ بھارت میں غربت بہت زیادہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے امن کا پرچار کیا تاہم پاکستان کشمیر میں حالات معمول پر آنے تک  بھارت سے مذاکرات نہیں کرے گا۔ جب تک بھارت 5 اگست 2019ء کو کئے گئے اقدامات واپس نہیں لیتا اس وقت تک مذاکرات نہیں ہوں گے۔ ریلی کے اختتام پر شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ بعدازاں آزاد کشمیر (ٹھوٹھہ) میں مہاجر کیمپ میں خطاب کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت کا خیال ہے کہ وقت کے ساتھ کشمیری یا پاکستان کا کشمیر پر مؤقف کمزور ہو گا تو بہتر ہے وہ سمجھ لیں کہ جلد از جلد اس غلط فہمی سے نکل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت عسکری قوت رکھنے کے باوجود بالاکوٹ میں شکست سے دوچار ہوا اور ہم نے ان کا جہاز مار گرایا۔ یہ ایک مثال ہے ہمارے مضبوط ارادوں کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے ذریعے خطے کا استحکام تباہ کر رہا ہے۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق ملنے تک آواز بلند کرتا رہوں گا۔ پاکستان بھرپور طریقے سے کشمیریوں کا مقدمہ لڑتا رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے ہر فورم پر آواز بلندکرتا رہوں گا۔ دنیا بھارت کا محاسبہ کرے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ یقین اور عزم کے ساتھ لڑتا رہے گا۔ کشمیریوں کی جدوجہد کامیاب ہوگی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی تک ساتھ کھڑے ہیں۔ اقوام متحدہ، سکیورٹی کونسل لاکھوں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے وعدے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری مودی کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی قیادت نے بھارتی حکومت کے اقدامات کو مسترد کر دیا۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے  یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کسی روک ٹوک کے جاری ہیں۔ بھارت کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کو آزاد کرے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بھارت 7 دہائیوں میں کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو دبانے میں کامیاب ہوا ہے نہ کبھی ہو گا۔ آخر کار مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہو گا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے استحصال تک خطے میں قیام امن کا خواب شرمندہ نہیں ہوسکتا۔  مظفرآباد میں سب سے بڑی احتجاجی ریلی ایوان وزیر اعظم سے ایوان صدر تک نکالی گئی جس کی قیادت صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان اور وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کی۔ ریلی میں ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان، سیکرٹریز حکومت، انسپکٹر جنرل پولیس، سربراہان محکمہ جات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے پاکستان اور آزادکشمیر کے پرچم، ہندوستان کے مظالم اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے بھی خطاب کیا۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے  دو سال مکمل ہونے پر مقبوضہ وادی میں یوم سیاہ منایا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی کال پر مکمل ہڑتال کی گئی۔ سرینگر میں لال چوک تک مارچ روکنے کے لیے بھارتی فوج تعینات کر دی گئی ہے اور سرینگر کے داخلی و خارجی راستے رکاوٹیں لگا کر بند کر دیئے گئے۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے 2 سال مکمل ہونے پر کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی کال پر مکمل ہڑتال ہے اور مقبوضہ وادی میں اس  دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ لال چوک تک مارچ روکنے کے لیے بھارتی فوج تعینات کر دی گئی ہے اور سرینگر کے داخلی و خارجی راستے رکاوٹیں لگا کر بند کر دیئے ۔چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالی کی مثال قائم کی ہے۔ بھارت نے 5 اگست2019 ء کو دفعہ370 ختم کر کے کشمیری تشخص کو مسخ کیا ہے۔ جس کی وجہ سے آئینی بحران پیدا ہوا۔ ریاست کی حدود کی تقسیم کر کے کشمیریوں کی توہین کی گئی ہے۔ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے زیر اہتمام چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہٰی، چوہدری مونس الہٰی، سینیٹر کامل علی آغا کی ہدایت پر مسلم لیگ ہاؤس میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں یوتھ ونگ، ایم ایس ایف، لیبر ونگ، شعبہ خواتین کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی جس میں چوہدری ذوالفقار پپن صدر یوتھ ونگ پنجاب، خدیجہ عمر فاروقی ایم پی اے صدر شعبہ خواتین پنجاب نے کہا کہ ہم مودی حکومت کے قبضہ کو ختم کر کے دم لیں گے۔یوم استحصال کشمیر ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید احمد کے قیادت میں وزیراعلیٰ ہاؤس سے چنار باغ  یادگار شہداء تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں تاجروں، سول سوسائیٹیز سے تعلق رکھے والے شہریوں اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ یوم استحصال کشمیرکے حوالے سے ایک ریلی کی قیادت وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے  کی۔ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، رکن صوبائی اسمبلی ملک واجد کے علاوہ سرکاری حکام، سماجی شخصیات اور طلبہ کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ ڈھرکی میں ہندو برادری نے ریلی نکالی۔ ہندو برادری نے کشمیریوں کے  ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ ریلی میں ہندو برادری نے کشمیریوں پر مودی حکومت کے ظلم و ستم پر احتجاجی نعرے درج تھے۔لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے سفراء کے اعزاز میں عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا نیا سفر شروع  ہو چکا ہے۔ جس کا اعتراف دنیا بھی کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تجارت و سرمایہ کاری کیلئے کسی بھی ملک میں امن ناگزیر ہے۔ پاکستان ایک جمہوری عمل کے ذریعے وجود میں آیا۔ ہم نے کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے وعدوں پر یقین کیا تھا۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ‘ ننکانہ صاحب‘ حافظ آباد‘ اوکاڑہ‘ فیصل آباد (نمائندگان+ نامہ نگاران)شیخوپورہ میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے کی۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر میاں محمد جمیل، ایڈمن آفیسر سید اظہر عباس گیلانی، چیف آفیسرز ملک محمد منشاء جاوید، چوہدری احسن عنایت سندھو، ڈسٹرکٹ آفیسر محمود حسین گل، چیف وارڈن محمد الیاس گجر، ضلعی جنرل سیکرٹری ایپکاحاجی عبدالرشید نجمی، حافظ سلمان، محمد حنیف ورک و دیگر افسران وملازمین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔کشمیری عوام کی آزادی کو سلب کرنے اور کشمیریوں پر ناجائز بھارتی قبضے کے خلاف گوجرانوالہ کی مسیحی قیادت میں احتجاجی ریلی سوففٹ میموریل فرسٹ پریسبٹرین چر چ سے شروع کی۔ ریلی کی قیادت ریورنڈ پادری صابر گل مارڈریٹر گوجرانوالہ پریسبٹرین چرچ آف پاکستان، ریورنڈ پادری عارف مسیح سراج، ریورنڈ پادری یوسف نواب، ریورنڈ ڈاکٹر پادری نسیم اختر خان، ریورنڈ پادری عاشر عارف، مسیحی کوارڈینٹر پروفیسر شہزاد لارنس، ایلڈر نوید جان، ایلڈر عمانوایل شہزاد ، ایلڈر مقصود الماس ، ایلڈر مختار مسیح ، حننیاہ عارف سراج و دیگر نے کی شرکا نے یوم استحصال کے احتجاجی بنیر اور کشمیری جھنڈے اٹھائے بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی۔ ضلع گوجرانوالہ میں سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ٹریفک کو بھی ایک منٹ کے لیے روک دیا گیا۔  ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ اور دیگر افسران نے اس حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ 5 اگست 2019 کا مودی حکومت کا اقدام غیرآئینی و غیر قانونی تھا۔  اقوام عالم سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ مظلوم کشمیریوں کا استحصال بند کیا جائے۔ جماعت رضائے مصطفیٰ پاکستان، جماعت اہلسنت پاکستان اور سنی فورس کے زیر اہتمام جامع مسجد انوارالمساجد پاپولر نرسری سے ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیات علامہ پیر محمد دائود رضوی نے کی۔ ریلی کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے  علامہ پیر محمد دائود رضوی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے ذریعے خطے کا استحکام تباہ کررہا ہے۔ ضلع ننکانہ صاحب میں بھی یوم استحصال کشمیر کو قومی جوش و جذبے سے منایا گیا، ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کیپٹن حسنین نواز شہید ایم سی ہائی سکول میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلہ میں سیمینار میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب مصور احمد خان نیازی نے مہمان خصوصی  شرکت کی۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر آفس سے کچہری پھاٹک تک ریلی بھی نکالی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب مصوراحمد خان نیازی نے ریلی اور سیمینار کی قیادت کی۔ ڈپٹی کمشنر مصور احمد خان نیازی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی احسن فرید نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں بہت جلد رنگ لائیں گی۔ حافظ آباد میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلہ میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ یوتھ ونگ ضلع حافظ آباد کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیاد ت تنزیل الرحمن بٹ نے کی۔ اوکاڑہ میں  یوم استحصال کشمیر پر ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیاگیا تقریب میں ضلعی انتظامیہ سیاسی و سماجی شخصیت سول سوسائٹی اور وکلاء کی شرکت کی گی پرچم کشائی کے بعد کشمیریوں سے اظہار ہمدردی کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ ملک کے دوسرے شہروں کی طرح اوکاڑہ میں بھی یوم استحصال کشمیر پر ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنا اور بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف حق کی آواز بلند کرنا ہے۔فیصل آباد  سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت‘ مسلسل دوسال سے کرفیو کے نفاذ اور مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کے غیرآئینی و غیرقانونی بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے متنبہ کرنا چاہتی ہے کہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر طیبہ شاہین نے ’’یوم استحصال کشمیر‘‘ کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں منعقد ہ واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واک میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ‘ کنٹرولر امتحانات مسز شہناز علوی‘ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن نوید حسین قریشی‘ ڈپٹی کنٹرولر سیکریسی سعید احمد اعوان‘ ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر بابر ڈوگر‘ پی آر او بورڈ تیمور سہیل خان لودھی‘ ڈائریکٹر سپورٹس روشن ضمیر کالرو‘ ریسرچ انویسٹی گیٹر رانا ذوالفقار منہاس‘ پی ایس ٹو چیئرپرسن احسان احمد‘ پی اے ٹو سیکرٹری رانا جمشید خاں‘ پی اے ٹو کنٹرولر میاں محمد سرور قادری‘ سابق صدر بورڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن رانا خالد محمود خاں ‘سینئر نائب صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ فیصل آباد نسیم احمد گجر اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ساجد حسین نقوی سمیت دیگر افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ چیئرپرسن بورڈ نے کہا کہ پاکستان سے محبت کی پاداش میں مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی بھیانک ترین جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔ آئے روز نہتے کشمیریوں کے قتل عام سے بھارت کے سیکولر ہونے کے دعوے کی حقیقت پوری دنیا پر واضح ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ‘بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے فرمان کے مطابق ’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘ اس لئے ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی‘ سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی فوجیوں کے مظالم کی طرف مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ مودی سرکارکے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی آواز کو کسی بھی صورت دبایا نہیں جا سکتا۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام عالمی بڑی قوتیں بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے تاکہ کشمیر ی بھارتی پنجہ استبداد سے آزاد ہو کر سکھ کا سانس لے سکیں۔ آخر میں علامہ محمد مشتاق نے کشمیر‘ فلسطین اور دیگر اسلامی ممالک کی آزادی‘ امت مسلمہ کی یکجہتی اور ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعا کروائی ۔

ای پیپر-دی نیشن