یوم استحصال کشمیر کا مقصدبھارتی کرتو ت دنیا میں روشناس کراناہے:عبدالغفارروپڑی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام 5اگست یوم استحصال کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کی ، اس موقع پر رانا نصر اللہ خان،مفتی عاشق حسین،مولانا شکیل الرحمن ناصر،شاہد جانباز اور سید محمود غزنوی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ عبدالغفارروپڑی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم استحصال کشمیر منانے کا مقصدعالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور بھارت کے کالے کرتوتوں سے روشناس کراناہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذمہ داران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنا بھر پور کردار ادا کرتے ہوئے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے سراپا احتجاج کشمیریوں کی آواز کو محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کوچاہیے کہ کشمیر میں ہونے والے ظلم و ستم کو روکے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ’’حق خود ارادیت‘‘ دلوانے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔کشمیریوں کی تحریک آزادی کو زبردستی کچلا جارہا ہے لیکن بھارت یاد رکھے کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے وہ تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا۔