• news

مسجد الحرام میں کرین حادثہ  بن لادن گروپ سمیت 13 ملزم بری 

مکہ (نوائے وقت رپورٹ) مکہ کی عدالت نے مسجد الحرام کرین حادثہ میں بن لادن سمیت 13 ملزموں کو بری کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے کہا کہ مدعا علیہ مجرمانہ طور پر اس واقعے کے ذمہ دار نہیں ہیں۔ جس میں 11 ستمبر 2015ء کو گرینڈ مسجد توسیعی منصوبے میں شامل ایک کرین گرنے سے 108 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور 238 زخمی ہوئے تھے۔ اپنے گزشتہ فیصلے میں عدالت نے کہا تھا کہ یہ تباہی انسانی غلطی کے بجائے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی وجہ سے ہوئی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ کرین سیدھی درست اور محفوظ پوزیشن میں تھی۔ ملزمان نے کوئی غلطی نہیں کی تھی اور تمام ضروری حفاظتی اقدامات کئے تھے۔ واضح رہے کہ اٹارنی جنرل نے پہلے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اپیل دائر کی تھی جس پر اپیل کورٹ نے دسمبر 2017ء میں فوجداری عدالت کے سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ اپیل کورٹ نے ریفرنس دیا کہ کرین ایک محفوظ پوزیشن میں رکھی گئی تھی۔ تاہم شدید طوفان اور پرتشدد ہواؤں کی وجہ سے گر گئی۔ تاہم اپیل کورٹ نے کرمنل کورٹ سے کہا کہ وہ اس کیس کا دوبارہ جائزہ لے۔ عدالت نے کرین حادثے کے کیس کے تمام پہلوؤں کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد نیا فیصلہ جاری کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن