نواز شریف کو لندن بھجوانے کا فیصلہ حکومتی، پاکستان کی پگڑی نہ اچھالیں: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی پگڑیاں اچھالنے والے پاکستان کی پگڑی نہ اچھالیں تو مہربانی ہوگی۔ سیاسی نفرت پر مبنی حکومتی بیانات پاکستان کے وقار کے منافی ہیں۔ محض سیاست کے لئے ایک فرد کو بدنام کرنے کا حکومتی رویہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے، ہوش کے ناخن لیں۔ سیاسی فائدے کے لئے حقائق کے برعکس بیانات باعث افسوس ہیں۔ تین بار وزیر اعظم رہنے والے نوازشریف کی زندگی پر سیاست بے حسی اور غیرانسانی رویہ ہے۔ نواز شریف کو لندن بھجوانے کا فیصلہ عمران نیازی حکومت کا تھا۔ اور ان کا علاج پاکستان میں نہیں ہو سکتا یہ فیصلہ بھی سرکاری بورڈ کا تھا۔ ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق نواز شریف کے علاج اور لندن میں قیام کا فیصلہ ہوگا۔ ڈاکٹر جب اجازت دیں گے تو نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔ قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ اپیل پر فیصلہ ہونے تک نوازشریف قانونی طور پر لندن میں قیام کر سکتے ہیں۔