حکومتی عہدیداروں کی چھلانگیں علامت ہیں نواز شریف اعصاب پر سوار: مریم نواز
لاہور (خصوصی رپورٹر) مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومتی عہدے داروں کی چھلانگیں اس بات کی علامت ہے کہ نواز شریف کس بری طرح ان کے اعصاب پر سوار ہے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ویزے کے مسئلے پر اوپر سے لے کر نیچے تک حکومتی عہدے داروں کی چھلانگیں اس بات کی علامت ہیں کہ نواز شریف کس بری طرح ان کے اعصاب پر سوار ہیں۔ جعلی حکومت نواز شریف سے ذہنی شکست کھا چکی ہے۔ جعلی حکومت کو معلوم ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے میرے والد ناصرف پاکستان کا حال بلکہ انشاء اللہ مستقبل بھی ہیں۔ نواز شریف کی صورت میں ان کو دیوار پر اپنی شکست صاف لکھی نظر آ رہی ہے جس کو باقی شاید بعد میں پڑھیں گے یہ آج ہی پڑھ رہے ہیں۔ کسی کا قد کاٹھ کم کرنے کی کوشش سے بونے قد آور نہیں ہو سکتے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران کی ذاتی تسلی کے بعد وفاقی اور پنجاب حکومت نے نواز شریف کو علاج کے لیے لندن بھیجا۔ نوازشریف سیاسی پناہ نہیں لیں گے۔ امیگریشن ٹریبونل میں اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف لندن میں قانونی طورپر قیام کریں گے۔ سازش کے تحت نواز شریف کو کوٹ لکھپت سے نیب منتقل کیا گیا۔ جھوٹے الزامات لگائے۔ جب ثبوت کی بات آئی تو معافی مانگی۔ امیگریشن ٹریبونل کے فیصلے سے قبل نتائخ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا۔ کرائے کے ترجمانوں کو عوام سے سروکار نہیں، اس لئے وہ دن رات صرف نوازشریف، شہبازشریف کی گردان میں مصروف ہیں۔ نیب کو صرف نواز شریف، شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نظر آتے ہیں۔ بھاگ گئے کے جھوٹے الزامات کا شور مچانے والے کیوں بھول جاتے ہیں کہ نواز شریف بستر مرگ پر بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر پاکستان واپس آئے۔ حکومت تین سال میں اپنے جھوٹے الزامات میں سے کسی ایک کو بھی ثابت نہیں کرسکی۔