• news

فردوس عاشق‘ عون چودھری مستعفی‘ اسد کھوکھر پھر وزیر

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ اپنا استعفی وزیر اعلی کو پیش کیا  جو قبول کر لیا گیا۔ اس بارے میں ذرائع کا دعوی ہے کہ انہیں وفاق میں ذمہ داری دی جائے گی۔ جبکہ پنجاب میں ان کی جگہ مسرت جمشید چیمہ یا فیاض چوھان کو ذمہ داری مل سکتی ہے۔ دوسری طرف ممبر پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر کو دوبارہ پنجاب کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کو صوبائی وزیر پنجاب بنایا جائے گا جس کے لئے جلد ہی تقریب منعقد کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے رکن پنجاب اسمبلی اسد کھوکھر  نے ملاقات کی۔  اسد کھوکھر کو صوبائی وزیر بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ وہ آج  گورنر ہاؤس میں وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔  علاوہ ازیںجہانگیر ترین گروپ کے ممبر عون چودھری نے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفی دے دیا۔ ذرائع کے مطابق ان کا استعفی وزیراعلی پنجاب نے منظور کرلیا ہے۔ دوسری جانب عون چودھری ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سے زبردستی استعفی لیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے ترین گروپ کو چھوڑنے سے انکار کردیا تھا۔ اس پر ترین گروپ کے ایک ممبر راجہ ریاض نے کہا کہ اس طرح زور زبردستی کے استعفے ہمارا حوصلہ نہیں توڑ سکتے۔ ہم ترین گروپ سے کبھی علیحدہ نہیں ہونگے۔ صوبائی وزیر جیل فیاض الحسن چوھان کا کہنا ہے کہ عون چودھری کو عزت وزیراعظم عمران خان نے دی اس لئے ان سے زبردستی استعفے والی بات درست نہیں ہے۔ عون  چودھری نے گزشتہ روز  وزیراعلیٰ آفس میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ جس کے بعد عون چودھری کو ان کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپیشل کوآرڈینیٹر عون چودھری کا استعفی وزیراعلیٰ  آفس کو موصول نہیں ہوا۔ 

ای پیپر-دی نیشن