وزیراعظم نے علی مردان ولا دیکھا شوکت خانم کینسر ہسپتال پشاور کے آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں مغل دور میں بنائی گئی تاریخی عمارت علی مردان خان ولا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنرخیبرپی کے شاہ فرمان اور وزیراعلی محمودخان کے علاوہ عسکری اور محکمہ آثارقدیمہ کے حکام بھی موجود تھے۔ کور ہیڈکوارٹرز پشاور کے دورہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے مغل دور میں بنائی گئی تاریخی عمارت کی بحالی اور تزئین وآرائش کیلئے محکمہ آرکیالوجی کی کاوشوں کو سراہا۔ یہاں موجود مغلیہ دور کے آثار قدیمہ کا معائنہ کیا۔ علی مردان ویلا 11کور آرمی ہیڈ کوارٹر کے اندر واقع ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا دورہ کیا اور نئے تعمیر ہونے والے آپریشن روم اور انتہائی نگہداشت کے یونٹ کا افتتاح کیا۔ جمعہ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا دورہ کر کے انہیں مسرت ہوئی ہے۔ ان جدید سہولیات کے افتتاح سے پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی تکمیل کا حتمی مرحلہ مکمل ہوا ہے ۔