• news

کرونا: جون کے بعد سب سے زائد95 اموات، سندھ میں کل سے لاک ڈائون ختم

اسلام آباد، بیجنگ، کراچی  (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ، شنہوا) پاکستان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی ، 2جون کے بعد سب سے زیادہ  مزید 95 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 4 ہزار 720 کیسز سامنے آئے ہیں،  مثبت کیسز کی شرح 8.24 فیصد ہوگئی ۔  مزید 4780 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ اب تک 23797 مریض انتقال کر چکے ہیں، مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 63 ہزار 125 ہو چکی ہے۔ صوبہ خیبرپی کے میں کرونا وائرس سے  ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیکل ایوب میڈیکل کمپلیکس ڈاکٹر احسان الحق کرونا سے جاں بحق ہوگئے، ڈاکٹر احسان 3 دنوں سے ایوب میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج تھے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ 50سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی کرونا ویکسین لگانے کی شرح 33فیصد ہوگئی ہے،کرونا ویکسین لگوانے کا اقدام قابل تعریف اورحوصلہ افزا ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کرونا کیسز میں اضافہ رک گیا ہے، اب کمی کی طرف لے کرجانا ہے، موبائل سم کو بند کرنے کا کہا تو لوگ ویکسین لگوانے آئے،فیصلہ گیم چینجر ثابت ہوا۔ ہم نے ایک لاکھ 60 ہزار ویکسین کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ دوسری جانب دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 20 کروڑ 17 لاکھ 7 ہزار 586 ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پیر 9 اگست سے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی میزبانی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا مشترکہ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر، این سی او سی کے چیف کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، وزیراعظم کے معاون خصوصی سی پیک خالد منصور اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سمیت اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کی میزبانی میں این سی او سی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں کرونا کیسز کی شرح میں 3 فیصد کمی آئی ہے اور  شرح 21 فیصد ہوگئی ہے، ملک میں کرونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کی لہرکراچی میں زیادہ ہے ، کراچی میں اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے، شرکا کو بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیرمیں کرونا عروج پر ہے جہاں شرح 26 فیصد ہے۔ اعلامیے کے مطابق کراچی اور حیدر آباد سمیت 13شہریوں میں کرونا ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی کے مطابق سندھ میں سکول دوبارہ کھولنے اور امتحانات سے متعلق فیصلہ آئندہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے  اجلاس میں ہوگا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محرم الحرام کے پیش نظر کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے پر زور دیا گیا ہے اور کرونا پر قابو پانے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مظفر آباد میں کیسز کی شرح 23.65 ‘ میرپور 19.53 فیصد‘ کراچی میں 20.88 ‘ حیدر آباد میں 15.36  فیصد جبکہ پشاور میں 17.34 فیصد ریکارڈ کی۔ وفاقی دارالحکومت 12.07 ‘ سکردو 12.44 فیصد اور گلگت میں کرونا کی یومیہ شرح 11.11 ریکارڈ کی گئی۔ ایبٹ آباد 8.56 ‘ صوابی 5.43  مردان 6.67 ‘ لاہور میں 7.70 فیصد رہی۔ ترکی نے پاکستان سے ترکی آنے والے طلباء کے لئے ہوٹل میں قرنطینہ کی پابندی ختم کر دی‘ طلباء کو نجی ہوٹلوں کے بجائے ہاسٹلوں میں قرنطینہ کرنے کی اجازت ہو گی۔ نئی سفری ہدایات جاری کر دی۔ نئے قوانین کا اطلاق 6 اگست سے یکم ستمبر تک ہو گا۔ طالب علموں کے قرنطینہ کیلئے استنبول اور انقرہ میں یونیورسٹی کے ہاسٹلز مختص کر دیئے گئے ہیں۔سائنو فارم ویکسین کی مزید ایک کھیپ اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ پاکستان نے ویکسین چینی کمپنی سے خریداری کی ہے۔ مجموعی طور پر آج تک 20 لاکھ ڈوز پاکستان پہنچ جائیں گی۔ حکام کے مطابق سائنو ویکسین کی دو کھیپ پاکستان پہنچ چکی جبکہ مزید ایک کھیپ آنا باقی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق 6 لاکھ 80 ہزار ڈوز پر مشتمل تیسری کھیپ آج پاکستان پہنچ جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن