عمران کو الیکشن کرانا پڑیں گے، مستقبل بلاول کا ہے، منظور وسان کی پیشگوئیاں
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سیاسی پیشگوئیوں کیلئے مشہور پی پی پی رہنما منظور وسان نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو وقت سے پہلے الیکشن کرانا پڑیں گے۔ مستقبل بلاول کا ہے۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ میں اختلافات دیکھ رہا ہوں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ میں دھڑا بندی ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ اگلے سال اگست تک حالات تبدیل ہوں گے، بڑی تبدیلی دیکھ رہا ہوں، آئندہ سال صدر مشرف والا کھیل کھیلا جائے گا، الیکشن سے پہلے بہت سے لوگ پی ٹی آئی چھوڑکر دوسری پارٹیوں میں جائیں گے۔ منظور وسان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید جیسے لوگ بھی دوسری پارٹی میں جائیں گے، عمران خان اپنے ہی لوگوں کے خلاف کیسز بنائیں گے اور ان کے اور سٹیبلشمنٹ میں اختلاف ہوں گے، جوبولے گا وہ پھنسے گا۔ رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ نوازشریف پرکیسز ہیں، ن لیگ میں دو نظریے سامنے آنے سے ن لیگ کو نقصان ہورہا ہے، جب کہ مولانا فضل الرحمان نے جو تحریک چلائی تھی اس میں وہ کامیاب بھی ہوئے، لیکن یہ سال ان کے لئے مشکل رہے گا، اور اپوزیشن رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ ہوگی، سندھ میں پیپلزپارٹی کو کسی سے خطرہ نہیں ہے۔ منظور وسان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو جو لائے ہیں یہ ان کو بھی کچھ نہیں سمجھتے، وہ غلط فہمی کا شکار ہیں، پی ٹی آئی جس تیزی سے اقتدار میں آئی ہے اسی تیزی سے 2013 کی طرح پوزیشن پر واپس آئے گی۔