• news

10 محرم کے بعد سندھ حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلیں گے: مصطفیٰ کمال

کراچی (این این آئی) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا کراچی میں ہم جب ’’را‘‘ سے لڑ کر اسے بھگا سکتے ہیں تو پھر پیپلز پارٹی کیا بیچتی ہے۔ کراچی کو بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’’را‘‘ کے تسلط سے اس لیے آزاد نہیں کرایا تھا کہ اسے آصف زرداری کے حوالے کر دیا جائے۔ پیپلز پارٹی سندھ کو عملی طور پر سندھو دیش بنا چکی۔ سندھ کو آصف علی زرداری کی جاگیر بنا دیا ہے۔ جلد پاکستان کے دیگر حصوں سے سندھ آنے کیلئے ویزا کی ضرورت پڑے گی۔ جو لوگ بچوں کی دوائیں بیچ کر روپیوں میں کرپشن کر سکتے ہیں، انہیں ڈالر دے کر ملک کے خلاف کیوں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ضمیر بیچنے والے کو فرق نہیں پڑتا کہ اسے پیسے دینے والا بھارت ہے یا امریکا یا پھر اسرائیل۔ اس میں کوئی ابہام نہیں کہ پیپلز پارٹی پاکستان کو معاشی طور پر اندر سے تباہ کر رہی ہے۔ یہ ملک دشمن ایجنڈا ہے۔ سب کچھ دیکھنے کے باوجود وفاق اور ریاست خاموش ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی کا بچہ بچہ اپنے خون کے آخری قطرے تک پاکستان کے ایک ایک چپے خصوصا صوبہ سندھ کی حفاظت کرے گا۔ اگر کوئی غیر جمہوری قوت اس نام نہاد جمہوری حکومت کی چھٹی کرے تو ہم کیوں مٹھائی نا بانٹیں۔ ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتے ہیں جس میں پینے کا پانی نہ ملے۔ بچوں کو دوائیں اور تعلیم نہ ملے۔ لوگ بے روزگار ہوں۔ نسل کشی کی جائے۔ پیپلز پارٹی نے اب اپنے سیاسی کارکنوں کو کراچی اور حیدرآباد میں ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا ہے۔ جس کا کوئی آئینی و قانونی جواز موجود نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا10 محرم الحرام کے بعد سندھ حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن