• news

آج سے غیرملکیوں کو عمرہ کی اجازت پاکستانی زائرین کیلئے قرنطینہ لازمی

مکہ مکرمہ (ممتاز احمد بڈانی + بی بی سی) وزارت حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح نشاط نے کہا نیا عمرہ سیزن یکم محرم سے شروع ہو رہا ہے۔ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے علاوہ بیرون ملک سے عمرہ زائین کی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ مختلف ممالک سے مرحلہ وار عمرہ زائین کو ویزے جاری کئے جائیں گے۔ روزانہ 60 ہزار افراد کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف جانے کی اجازت دی جائے گی۔ 8 شفٹوں میں عمرہ زائرین کی ماہانہ تعداد 20 لاکھ کردی جائے گی۔ جنہیں توکلنا اور اعتمرنا کے ذریعہ اجازت نامے جاری ہوں گے۔ ایک بس میں عمرہ زائرین کی تعداد گنجائش کے حساب سے 50 فیصد رہے گی۔ مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کے لیے 50 ٹرانسپورٹ کمپنیاں عمرہ زائرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کریں گے۔ کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد سعودی عرب نے 9 اگست سے ان غیر ملکیوں کو عمرے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ جنھوں نے ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوا لی ہوں۔ سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق زائرین کی گنجائش کو 60 ہزار مہینہ سے 20 لاکھ تک بڑھایا جائے گا۔ وزارت حج و عمرہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ملکی اور بیرون ملک مقیم عازمین کو اپنی عمرہ درخواست کے ساتھ کووڈ 19 ویکسینیشن کا مجاز سرٹیفکیٹ شامل کرنا ہو گا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جن ممالک کے مکمل ویکسین لگوائے ہوئے افراد کے سعودی عرب داخلے پر پابندی ہے۔ وہاں سے تعلق رکھنے والے زائرین کو سعودی عرب پہنچنے پر قرنطینہ بھی کرنا ہو گا۔ یاد رہے اس لسٹ میں 9 ممالک شامل ہیں جن میں پاکستان، انڈیا، ارجنٹائن، برازیل، مصر، انڈونیشیا، لبنان، جنوبی افریقہ اور ترکی شامل ہیں۔ یعنی پاکستان سے تعلق رکھنے والے زائرین کو بھی ویکسین کی خوارکیں مکمل کرنے کے باوجود سعودی عرب پہنچنے پر قرنطینہ کرنا ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن