بھارت جنگ بندی سے فرار کے بہانے نہ ڈھونڈے:پاکستان
اسلام آباد (نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اپنے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر اور پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ اتوار کو یہاں سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھاری میڈیا کی قیاس آرائی لغو اور سراسر بے بنیاد ہے کہ پاکستان ایل او سی سے نام نہاد دہشت گرد مقبوضہ کشمیر میں داخل کرنا چاہتا ہے۔ 9لاکھ سے زائد بھارتی اہلکار وہاں موجود ہیں، پھر یہ کیسے ممکن ہے؟۔ غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر دنیا میں سب سے زیادہ فوج کی موجودگی رکھنے والا خطہ ہے۔ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت نے تہہ در تہہ خاردار باڑ، سکیورٹی نظام کے علاوہ الیکڑانک نگرانی کے آلات نصب کررکھے ہیں۔ بھارت کچھ وقت کے بعدہمیشہ ایسے الزامات دہراتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف کینہ و بغض پر مبنی کردار کشی کی مہم چلاتا رہتا ہے۔ بھارتی مکروہ چہرہ اور عزائم یورپی ڈس انفو لیب کے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے سے پوری طرح بے نقاب ہوچکے ہیں۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر اور پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ فروری2007ء میں سمجھوتہ ایکسپریس سانحے اور جون 2021ء میں لاہور میں دہشت گرد دھماکے میں بھارت کا ہاتھ تھا۔ 2020ء میں ریاستی دہشت گردی، سرپرستی اور مالی وسائل کی فراہمی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کو دے چکے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ رواں سال فروری میں پاکستان نے 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کے لئے بھارت پر زور دیا تھا۔ جنگ بندی معاہدے کے لئے بھارت پر زور دینے کا مقصد علاقائی مفاد میں امن وسلامتی اور کشمیریوں کی جانیں بچانا تھا۔ بھارت نام نہاد دراندازی کے گمراہ کن جھوٹ اور بے بنیاد الزامات سے باز آئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ بندی معاہدے سے فرار کے بہانے نہ ڈھونڈے۔ فالس فلیگ آپریشن کی نیت سے بھارت خودساختہ جھوٹ گھڑنے اور حیلے بہانے تراشنے سے باز رہے۔ بھارتی غیرذمہ دارانہ رویے کے نتائج خطے کے امن وسلامتی کے لئے اچھے نہیں ہوں گے۔