• news

گلگت بلتستان ضمنی الیکشن‘ اسلامی تحریک کے ایوب وزیری کامیاب‘ پی ٹی آئی کا احتجاج

گلگت (نوائے وقت رپورٹ) گلگت بلتستان کے حلقہ 4 نگر ون کے ضمنی الیکشن میں اسلامی تحریک کے ایوب وزیری کامیاب ہوگئے۔ غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایوب وزیری نے 5241 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے ذوالفقار بہشتی 5082 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ گلگت بلتستان کے حلقہ ایل اے 4 نگر ون کے ضمنی الیکشن میں ہارنے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نگر میں احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کے باعث شاہراہ قراقرم تین گھنٹے سے زائد بند رہی۔ احتجاج کے باعث ڈونگ داس سے راکا پوشی ویو پوائنٹ تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس نے تصادم سے بچنے کیلئے مظاہرین سے مذاکرات کئے جو ناکام رہے جس کے بعد پولیس نے  مظاہرین پر شیلنگ کی جس سے پی ٹی آئی کے کارکن آر او آفس کے سامنے سے منتشر ہو گئے اور شاہراہ قراقرم کھول دی گئی۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے ضمنی الیکشن کے نتائج کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کی جیتی سیٹ کو ہار میں تبدیل کیا گیا۔ بہت ہو چکا ہم عوامی دباؤ کو مزید نہیں روک سکتے۔ الیکشن کمشن اپنی ذمے داری نبھانے میں ناکام رہا۔

ای پیپر-دی نیشن