مظفر گڑھ، پنچایت فائرنگ ، جمشید دستی کا بھائی جاں بحق
مظفر گڑھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پیر جہانیاں کے علاقے میں فائرنگ سے جمشید دستی کے بھائی مشتاق دستی جاں بحق ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقے پیر جہانیاں میں فائرنگ کے نتیجے میں عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی کے بھائی مشتاق دستی جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جمشید دستی کے بھائی مشتاق دستی کی لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ دوگروپوں میں اراضی کے تنازع پر ہوئی۔ جمشید دستی کے بھائی ایک پنچایت کے سلسلے میں بلوچ ہوٹل پرموجود تھے کہ اسی دوران ایک فریق نے اشتعال میں آ کر فائرنگ کردی جس کے باعث مشتاق دستی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا اور ہدایت کی ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کی گرفتار میں لاکر مزید کارروائی کی جائے۔ جس پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان کو پولیس نے تھانہ سٹی مظفرگڑھ منتقل کردیا۔