• news

3 برس میں مافیاز مضبوط‘ مہنگائی اور بیروزگاری بڑھی: سراج الحق

لاہور‘ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار + جنرل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کے تین سالوں میں مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ اور مافیاز کی گرفت مزید مضبوط ہوئی۔ ادویات کی قیمتوں میں بارہویں دفعہ اضافہ مافیاز کو ہی نوازنے کا تسلسل ہے۔آٹا، چینی، پٹرول، ڈرگ و لینڈ مافیاز نے باری باری ملک کو نچوڑا۔ وزیراعظم عمران خان جن مجرموں کے خلاف سپریم کورٹ میں گئے، آج وہ ان کے ساتھ شامل ہیں۔ پاکستان میں مافیاز نے 22 کروڑ عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے۔حکومت اپوزیشن میں کس بات کی صلح کرائیں، دونوں ذاتی مفادات کے لیے برسرپیکار ہیں۔ ملک کا اہم ترین شہر راولپنڈی منشیات فروشی کا گڑھ بن گیا ہے۔ طالبان سے اپیل ہے وہ بندوق کے زور پر فتح کرنے کی بجائے افغان شہروں میں پرامن طریقے سے داخل ہوں۔ جماعت اسلامی افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے جماعت اسلامی واحد اور بہترین آپشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے تین روزہ دورہ راولپنڈی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم، عارف شیرازی، شمس الرحمن سواتی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں عوام مہنگائی کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے ۔ اب تک صرف ادویات کی قیمتوں میں 50 سے 300 گنا سے زائد اضافہ کیا جا چکا ہے۔ گھریلو تشدد کا بل اسلام کے منافی ہے۔ عوامی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے اس کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن