ووٹنگ مشین کی ٹیسٹنگ مسترد، پارلیمنٹ، اپوزیشن کی رائے شامل نہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کمرے میں ہونے والی الیکڑانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کی ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں۔ اس میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں۔ ریٹرنگ افسران، انتخابی عملے کو اغوا اور ووٹ کے تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے الیکڑانک ووٹنگ مشین کے معائنے پر ردعمل میں ترجمان مسلم لیگ (ن) نے سوال کیا کہ الیکڑانک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہیں؟۔ عمران صاحب مشینوں کے معائنے چھوڑیں، ووٹ چوری اور فراڈ کیسے ختم ہوگا۔ عوام کا آٹا، چینی، دوائی، بجلی، گیس چوری کرنے والوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب کو یقین ہوچکا ہے کہ پاکستان کے عوام نہیں، انہیں ووٹ صرف مشین کی دھاندلی سے ہی مل سکتا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہاکہ پاکستان کے عوام وہ نتیجہ کبھی قبول نہیں کریں گے جو ان کے ووٹ سے برآمد نہ ہو۔ عمران صاحب مشینوں کے ڈرامے سے فرصت ملے تو عوام کی مہنگائی کی خبر بھی لیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو بے روزگار کریں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ سیاسی ناقدین، آزاد میڈیا کا گلا دبا کر عمران صاحب شفاف انتخاب کا فراڈ کرنے جا رہے ہیں۔ عمران صاحب کو عوام کی رائے پر اعتماد ہوتا تو مشین کے پیچھے نہ چھپتے۔