اگلے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کرانے میں کوئی مسئلہ نہیں: فواد چودھری
اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات دور کرنے کے لئے ای وی ایم کا استعمال ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وزارت پارلیمانی امور میں کابینہ کمیٹی برائے ای وی ایم و آئی ووٹنگ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 1970سے ہونے والے ہر انتخاب میں دھاندلی کے الزامات لگتے رہے ہیں، اس حوالے سے ہمیں ایک میکنزم تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات پر ہمارے ساتھ بات کرنی چاہئے۔ اس ٹیکنالوجی سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں الیکشن کمیشن کی دی گئی شرائط پر پورا اترتی ہیں۔ ان مشینوں میں الیکٹرانک ووٹنگ کے ریکارڈ کے ساتھ ساتھ پیپر ریکارڈ بھی دستیاب ہوگا۔ آئندہ انتخابات ای وی ایم پر کرانے میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔ اپوزیشن کے ساتھ معاملات آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق فراہم کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ای وی ایم ٹیکنالوجی انتخابات میں شفافیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان اور کیوبا کے مابین فلم، ڈرامہ اور کو۔پروڈکشنز کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں متنوع ثقافتی ورثہ موجود ہے جس کا کیوبا کے عوام کے ساتھ تبادلہ ہونا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو پاکستان میں کیوبا کے سفیر زینیئر جیویئر کیرو گونزیلز کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کیوبا کے سفیر کو بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور Latin Press of Cuba کے مابین خبروں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔