• news

لاہور کیلئے میگاپراجیکٹس پر کام شروع،ماضی کے نمائشی منصوبوں سے خزانے پر بوجھ پڑا،عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لاہور شہر کی ترقی اور شہریوں کو سہولتیں دینے کیلئے میگا پراجیکٹس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں لاہور کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہوا۔ ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ اور ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے  منتخب نمائندوں کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ منتخب نمائندوں کو لاہور شہر کی ترقی اور عوام کو سہولتیں دینے کیلئے مستقبل میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے لاہور کی ترقی کیلئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ  نے شہر لاہور کی ترقی کیلئے بے مثال منصوبوں پر کام کا آغاز کیا ہے۔ عثمان بزدار  نے کہا کہ  ماضی میں لاہور سمیت بعض شہروں میں بغیر سوچے سمجھے اور بغیر پلاننگ کے منصوبے شروع کئے گئے۔عوام کی ضروریات کا تعین کئے بغیر ان منصوبوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور نمائشی منصوبوں کے باعث صوبے کے خزانے پر بے پناہ بوجھ پڑا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے لاہور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے باقاعدہ حکمت عملی کے تحت منصوبے بنائے ہیں۔   بارش کے پانی کے بروقت اخراج اور ذخیرہ کرنے کیلئے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینکس بنانے کے منصوبے بھی بن رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 11 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ لارنس روڈ پر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کشمیر روڈ اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔   تاج پورہ، کریم پارک راوی روڈ، ریلوے سٹیشن، کوپر روڈ، وارث روڈ، رسول پارک اور علامہ اقبال ٹاؤن کی سبزی منڈی کے قریب انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ میگا پراجیکٹس لاہور کا حق ہے جو ہم دے رہے ہیں۔ شہرکی ترقی، شہریوں کی ضروریات اور سہولت کے پیش نظر یہ منصوبے ناگزیر ہیں۔ علاوہ ازیں بزرگ خاتون نے ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کو دعائیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’شکریہ بیٹا……جیتے رہو‘‘،  بزرگ خاتون نے اپنے نواسے کے  ساتھ  وزیر اعلیٰ  سے ملاقات کی اور تفصیل سے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل غور سے سنے اور فوری اپنے سٹاف کو طلب کیا اور مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بزرگ خاتون نے دعائیں دیں اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’عثمان بزدار تیکو وزیر اعلیٰ ڈیکھ کہ میڈا ہاں ٹھر گیا اے‘‘۔ ’’تینوں رب دیاں رکھاں‘‘۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے لئے قابل احترام ہیں۔ آپ کے مسائل نوٹ کر لئے ہیں اور ان کے حل کیلئے ہدایات بھی دے دی ہیں۔ عثمان بزدار نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی بے مثال خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے بلارنگ و نسل انسانیت کی خدمت کی۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار ڈیفنس میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے بھائی مبشر کھوکھر کے جاں بحق ہونے پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے مقتول مبشر کھوکھر  کے لئے فاتحہ خوانی کی اور افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ آپ کے بھائی کے جاں بحق ہونے پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ عثمان بزدار نے یقین دہانی کرائی کہ مبشر کھوکھر کے قتل میں ملوث ملزم اپنے انجام سے نہیں بچ پائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن