کرونا:عام زائرین بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے عرس میں شرکت سے محروم
پاکپتن (نمائندہ نوائے وقت) برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے عرس کی تقریبات جاری ہیں۔ سجادہ نشین دیوان مودود مسعود نے پانچویں روز کی رسومات ادا کیں اور زائرین میں روایتی تبرکات تقسیم کیے گئے۔ کرونا وباء کے باعث زائرین عرس تقریبات میں شرکت سے محروم۔ تفصیلات کے مطابق برصغیر پاک وہند کے عظیم بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے 779 ویں عرس کی تقریبات پانچویں روز میں داخل ہو گئیں۔ درگاہ کے سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی فاروقی نے روایتی رسومات اداکیں اور محدود زائرین میں سلسلہ چشتیہ کے روایتی تبرکات بھی تقسیم کیے گئے۔ کرونا وباء کے باعث عام زائرین کو عرس میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئیں۔ عرس بابا فرید میں دیوان فیملی کے افراد اور انتہائی محدود افراد کو شرکت کی اجازت ہے۔ ملک کے طول وعرض سے آئے زائرین تقریبات میں شرکت سے محروم رہے۔محکمہ اوقاف و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رسومات کے شرکا کو ٹھنڈے پانی، لنگر، طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کے عرس پر پانچویں روز بہشتی دروازہ، دیوان مودود مسعود چشتی اور اس کی فیملی کے ممبران نے کھولا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹر اوقاف ضیاء المصطفی، مینجر اوقاف نعمان سیفی ، ضلعی انتظامیہ کے افسران ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم ، ڈی پی او فیصل مختار سمیت دیوان فیملی کے ممبران بھی موجود تھے۔ کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا گیا۔ بہشتی دروازہ سے کرونا سرٹیفکیٹ کے ساتھ گذر سکتے ہیں۔
بابا فرید