مزید 4 شہریوں کی زمینیں ،جائیدادیں قبضہ گروپوں سے وگزار
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر لاہور پولیس نے کیپٹل سٹی پولیس آفس میں قائم اینٹی قبضہ مافیا سیل کی سفارشات پر مزید چار شہریوں کی زمینیں اور جائیدادیں قبضہ گروپوں سے واگذار کروا کے اصل مالکان کے حوالے کر دیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اقبال ٹاؤن کے رہائشی ملک سرور نامی شہری کا کلفٹن کالونی میں واقع کروڑوں روپے مالیت کا ایک کنال پلاٹ واگذار کروایا گیا۔شہری کے پلاٹ پر باؤ گجر اور ملک چاند نامی قبضہ گروپوں نے گذشتہ چھ ماہ سے جعلسازی سے قبضہ کیا ہوا تھا۔اسی طرح چونگی امر سدھو نصیرآباد کے شہری عبدالکریم کا گھر جبکہ کینٹ میں ظفر اقبال نامی شہری کا 06 مرلے کا گھر،تھانہ شفیق آباد کی حدود میں راوی روڈ کے اعجاز خان کا 10 مرلہ کا وارثتی پلاٹ واگزارکروایا گیا۔شہریوں نے اپنی زمینوں اور جائیدادوں کے قبضے واگزارکروانے پر سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔سی سی پی او لاہور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہری مکان،دکان کرائے یا گروی دینے سے پہلے اچھی طرح جانچ پڑتال کر لیں۔مالک مکان اور کرایہ دار،کرایہ داری ایکٹ کے تحت تھانوں میں اندراج کروانے کے پابند ہیں۔