شہباز کا نواز شریف کو فون، پی ڈی ایم کو متحرک کرنے پر اتفاق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں ہونے والے پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کیلئے پارٹی قائد نواز شریف سے مشاورت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی قائد کو فون کیا۔ دونوں رہنماؤں نے حکومت مخالف تحریک تیز کرنے اور پی ڈی ایم کو متحرک کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ نواز شریف نے شہباز شریف کو پارٹی سطح پر بھی لیگی رہنماؤں کو متحرک کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ شہباز شریف پی ڈی ایم اجلاس سے قبل پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بھی بلائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نئے اسلامی سال کے آغاز پر امت مسلمہ کو مبارکباد اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرام الحرام انتہائی فضیلت والا مقدس مہینہ ہے۔ اس مہینے کی خاص فضیلت سیدالشہداء حضرت امام حسین، اہل بیت اطہار اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی ہے۔