پاکستان کو نقصان پہنچانے کی بھارتی، اسرائیلی کوششیں ناکام ہونگی: وزیر داخلہ
اسلام آباد/ راولپنڈی (نیوز رپورٹر+ جنرل رپورٹر) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سمارٹ آئی ڈی کارڈز میں مزید فیچر شامل کئے جائیں گے۔ عزاداران این سی او سی کی ہدایات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ اسرائیل، بھارت اور این ڈی ایس مل کر پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، کوششیں ناکام ہو نگی۔ دشمن ہمارے مشرق اور مغرب دونوں طرف مسائل پیداکرنا چاہتا ہے۔ پاکستان سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد بھجوانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جعلی شناختی کارڈز بنانے میں ملوث تمام نادرا افسروں کو برطرف کیا جائے گا۔ بھارتی وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے۔ محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ افغانستان کی اندرونی سیاست سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، تمام سرحدیں بند ہیں۔ منصوبہ بندی کے تحت الزام تراشی کی جا رہی ہے۔ ہم امن کے لئے کوشاں ہیں۔ منگل کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران کی ہدایات کی روشنی میں نادرا کو بہتر بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کو نادرا کے دورہ کی دعوت دی جائے گی۔ وزیردخلہ نے تمام عزاداران پر زور دیا کہ وہ این سی او سی کی ہدایات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ اس حوالے سے تمام چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو بھی ہدایت کر دی ہے۔ ضرورت پڑی تو خود بھی صوبوں کے دورے کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ سابق فاٹا کے علاقوں میں تھری جی، فور جی سروس 10 محرم تک بند رہے گی۔ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے اگر کہیں اور بھی انٹرنیٹ سروسز بند کرنا پڑیں تو آگاہ کیاجائے گا۔ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ پوری قوم ذمہ داری کا ثبوت دے اور ملکی سلامتی کے لئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔ وزیر داخلہ نے بھارتی وزیرداخلہ کی طرف سے پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد بھجوانے کے الزام کو رد کرتے ہوئے کہاکہ اگر بھارتی وزیر داخلہ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ پیش کریں۔ این ڈی ایس اور را پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچانے کے لئے کوششیں کررہے ہیں کیونکہ دشمن سرحدوں سے ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جب بائیو میٹرک کا نظام نہیں تھا تو جعلی شناختی کارڈ بنتے تھے۔ ان تمام جعلی شناختی کارڈوں کو ختم کررہے ہیں نور مقدم کیس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں ملزمان کے نام ای سی ایل پر ڈال دیئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ داسو کے واقعہ کے حوالے سے بھی تحقیقاتی اداروں نے اپنا کام مکمل کر لیاہے۔ ہمارے اداروں کے ذمے جو کام تھا وہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ، بھارت ،این ڈی ایس سمیت پاکستان دشمن ادارے مل کر جو کوششیں کررہے اور جس طرح باہر کے میڈیاسے مل کر افغانستان کے حالات کاملبہ پاکستان پر ڈال رہے ہیں انہیں شکست ہو گی۔ بین الاقوامی میڈیا میں منصوبہ بندی کے تحت الزام تراشی کی جا رہی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی جرمنی چلی گئی ہیں۔ انہوں نے تحقیقات میں تعاون نہیں کیا۔ ہم نے ان کا فون نمبر اور تفصیلات مانگی ہیں جو ہمیں فراہم نہیں کی گئیں۔ نادرا سے وراثتی سرٹیفکیٹس کا ا جرا موجودہ حکومت کا بڑا کارنامہ ہے۔ ویکسی نیشن مکمل کرانے والوں کے کوائف بھی نادراکے ڈیٹا میں شامل کئے جائیں گے۔ راولپنڈی سے جنرل رپورٹر کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں جدید سہولت کے ساتھ کرونا وارڈ قائم کر دیا گیا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کی وزیر داخلہ نے مختلف وارڈز اور نئی قائم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔