شاہ محمود سے نائیجر کی قومی اسمبلی کے صدر کی ملاقات‘ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے نائجر کی قومی اسمبلی کے صدر سینی اومارو نے وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی جس میں ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور نائجر کے مابین برادرانہ اور مستحکم، تعلقات ہیں، پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں، اقتصادی ترجیحی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، نائجر سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی، اقتصادی و کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔وزیر خارجہ نے نائجر کے دارالحکومت نیامے میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے انعقاد اور بھرپور میزبانی کو سراہا ۔وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر نائجر کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی بھرپور حمایت پر نائجر قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون باعث اطمینان ہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کا فروغ خوش آئند ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور نائجر کے مابین پارلیمانی تعاون کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ۔صدر نائجر اسمبلی سینی اومارو نے مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کو سراہتے ہوئے پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔