• news

پاکستان کیخلاف بڑے سوشل میڈیا ٹرینڈز کو بھارت نے لیڈ کیا: فواد چوہدری

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ان کی وزارت کی جانب سے کیے گئے پاکستان کے سوشل میڈیا کے دو سالہ مواد کا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے خلاف بڑے سوشل میڈیا ٹرینڈز کو بھارت نے لیڈ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت کی ڈیجیٹل میڈیا ونگ نے پورے دو سال کے مواد کا بغور جائزہ لیا ہے۔ جون 2019 سے لے کر اگست 2021 تک پاکستان کے سوشل میڈیا کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ کہتے ہوئے بڑا افسوس ہے کہ پاکستان کے خلاف بڑے سوشل میڈیا ٹرینڈز کو بھارت نے لیڈ کیا اور اس میں پاکستان کے اندر بھارت کی مدد کرنے میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) اور ان سے تعلق رکھنے والے کارکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد اس میں افغانستان کی موجودہ حکومت کے لوگ شامل ہوئے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی ایم نے ریاست پاکستان کے خلاف جو مرکزی ٹرینڈز لیڈ کیے وہ دو برسوں میں 150 ٹرینڈز ہیں، ان میں 37 لاکھ ٹوئٹس کی گئیں۔ یہ تقریباً ایک ہزار گھنٹے بنتے ہیں جو پی ٹی ایم کے 150 ٹرینڈز کے لیے استعمال ہوئے۔ بھارت سے ایک دن میں ڈیڑھ لاکھ ٹوئٹس ملیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں جو مزید ٹرینڈز چلائے گئے ان میں پی ٹی ایم ایکسپوزڈ ٹیرارزم پر 23 ہزار ٹوئٹس، دا سنگا آزادی 32 ہزار ٹوئٹس، بلوچستان سولیڈیریٹی ڈے پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 45 ہزار ٹوئٹس پاکستان سے ہوئیں اور اس کے بعد ہندوستان سے ہوئیں۔ ٹرینڈز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ ٹائرینٹ پاکستان آرمی، آرمی بی ہائنڈ ٹارگٹ کلنگ، پاکستان آرمی کلز پشتونز، پشتون جینوسائیڈز یہ سارے ٹرینڈ پی ٹی ایم نے کیا اور ان کو سپورٹ انڈیا سے مل رہی تھی۔ رحیم یار خان میں اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر مندر کا دوبارہ کھلنا حکومت کی طرف سے اقلیتوں کے حقوق کو دی جانے والی اہمیت کی غمازی کرتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مذہبی عقائد کا احترام ہماری بنیادی پالیسی ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ پاکستان کے آئین کے تقاضوں کے مطابق تمام شہری زندگی اور آزادی کی نعمت سے لطف اندوز ہوں۔ دریں اثناء ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا  ہے کہ افغان عوام غربت میں ہے اور افغان حکمرانوں کے بیرون ملک اربوں کے اثاثے ہیں۔ کرپشن کس طرح قوموں کو غرق کر دیتی ہے افغانستان اس کی مثال ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آخرافغانستان کو دیے جانے والے 2 ہزار ارب ڈالرز کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا؟۔ اتنے پیسہ لگنے کے بعد افغان فوج پتوں کی طرح کیوں بکھررہی ہے؟۔ چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کا مقصد نواز شریف کو مقدمات میں ریلیف دلانا ہے، ایک طرف برطانیہ میں نواز شریف کے ویزے میں توسیع نہیں ہو رہی تو دوسری جانب پی ڈی ایم ایک بار پھر اپنے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، اس کا کیا مقصد ہے؟ بدھ کو پی ڈی ایم کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ شہباز شریف بطور ضمانتی محمد نواز شریف کی وطن واپسی کو بھی پی ڈی ایم کے ایجنڈے پر رکھتے جس کی انہوں نے عدالتوں میں گارنٹی دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم پٹے ہوئے مہروں کی بیٹھک بن گئی ہے، مولانا صاحب اور شہباز شریف مل کر انجمن متاثرین بنالیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم پہلی بار جب احتجاج کے لئے نکلی تو تقسیم ہوئی، پھر حکومت کا استعفیٰ لینے نکلی تو اے این پی اور پی پی پی نے پی ڈی ایم سے استعفے دیئے، اب پی ڈی ایم کی تحریک کا انجام مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر کے استعفوں کی صورت میں ہوگا۔ قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا کہ بھارت میں قومی سلامتی مشیر کے پاس جعلی خبریں پھیلانے کے لیے333 کروڑ کا بجٹ ہے۔ بھارتی پراپیگنڈہ پر گزشتہ سال دستاویزات بھی پیش کی تھیں۔ بھارت نے دنیا کو کرونا کا غلط ڈیٹا فراہم کیا۔ برطانیہ کو دیکھنا ہوگا کہ غلط ڈیٹا دے کر بھارت ریڈ لسٹ سے نکلا۔ پاکستان کے خلاف ٹرینڈز میں روبوٹس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے کے لیے بھارت اور افغانستان میں بیٹھے لوگ ملوث ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن